اسلامی دنیاخبریںشیعہ مرجعیت

صرف نام نہاد مسلمان ہی امام مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف سے جنگ کریں گے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور منگل 17 شوال المکرم 1446 ہجری کو منعقد ہوا۔ جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔‌

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے حضرت حجت عجل اللہ فرجہ الشریف کے ظہور کے بعد کی بعض خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: روایت میں ہے کہ پتھر کے الواح (تختیوں) پر لکھی تورات آسمان سے زمین پر نازل ہوئی اور حضرت موسیٰ علیہ السلام کو دی گئی اور اس کا مواد قرآن کریم کی طرح لوگوں تک پہنچایا گیا تھا، یہ الواح آج بھی موجود ہیں لیکن ہم لوگ ان کی جگہ سے واقف نہیں ہیں۔

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: روایت میں ہے کہ ظہور کے بعد حضرت حجت عجل اللہ فرجہ الشریف ان پتھر کی الواح کو پہاڑوں سے نکالیں گے جن پر اصل تورات لکھی ہوئی ہے اور یہودی علماء کو دکھائیں گے اور کہیں گے کہ یہ اصلی تورات ہے۔ کیا تم لوگ تورات کو قبول کرتے ہو؟ اور جب یہودی علماء ان الواح کو دیکھیں گے تو انہیں معلوم ہو جائے گا کہ یہ اصلی تورات ہے اور وہ جواب میں کہیں گے کہ وہ قبول کرتے ہیں تو حضرت حجت عجل اللہ فرجہ الشریف یہودی علماء کو ان الواح میں اپنا نام دکھائیں گے۔

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے حضرت حجت عجل اللہ فرجہ الشریف کے عیسائی علماء سے برتاؤ اور ملاقات کے سلسلہ میں فرمایا: روایت میں ہے کہ حضرت مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف اصل انجیل جو اللہ تعالی نے حضرت عیسی علیہ السلام پر نازل کی تھی تمام عیسائی علماء کو دکھائیں گے اور انہیں بتائیں گے کہ یہ اصل انجیل ہے اور اس میں میرا نام لکھا ہوا ہے۔

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے امام مہدی علیہ السلام کے یہودی اور عیسائی علماء سے انداز گفتگو کے سلسلہ میں فرمایا: چنانچہ روایات میں آیا ہے کہ یہود و نصاری مسلمان ہو جائیں گے اور صرف نام نہاد مسلمان ہی امام مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف سے جنگ کریں گے۔‌

واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے یہ روزانہ علمی نشستیں قبل از ظہر منعقد ہوتی ہیں، جنہیں براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل کے ذریعے یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button