
لکھنو۔ وفاق المدارس و الحوزات الدینیۃ باب النجف لکھنو کی جانب سے 15 اپریل 2025 بروز منگل کو شب میں 8 بجے الحراء دار القرآن علی کالونی میں "ہمارا حوزہ لکھنو اور ہماری ذمہ داری” کانفرنس منعقد ہوئی۔
جس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ شاعر اہل بیت ڈاکٹر افہام اترولوی نے بارگاہ معصومین علیہم السلام میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔اولا حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا حیدر رضا صاحب مسؤول وفاق المدارس و الحوزات الدینیۃ نے مقالہ پیش کیا۔ بعدہ مقررین نے تقاریر کی۔

مقررین نے ہندوستان کے حوزات علمیہ اور مدارس دینیہ کو درپیش مشکلات بیان کرتے ہوئے اس کے حل کی جانب توجہ مبذول کرائی۔ طے پایا کہ انشاءاللہ علماء خصوصا ذمہ داران حوزات علمیہ و مدارس دینیہ کی باہمی گفتگو اور مشورے کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ درپیش مشکلات کو باہمی تعاون اور ہماہنگی سے برطرف کرنے کی مکمل کوشش کی جائے۔
کانفرنس میں حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید محمد مہدی صاحب (استاد جامعہ امام مہدی علیہ السلام اعظم گڑھ)، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اصطفی رضا صاحب (استادحوزہ علمیہ حضرت غفرانمآب لکھنو)، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید محمد علی گوہر صاحب (پرنسپل مدرسہ قرآن و عترت الہ آباد)، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید محمد حسنین باقری صاحب (استاد جامعہ ناظمیہ لکھنو)، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد ابراہیم صاحب (استاد مدرسہ جامعۃ التبلیغ لکھنو)، ڈاکٹر حیدر مہدی صاحب، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا علی عباس خان صاحب (استاد جامعۃ المصطفی العالمیہ قم مقدس) حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی صاحب (سکریٹری تنظیم المکاتب لکھنو) اور آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے نمایندہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی صاحب قبلہ نے تقاریر کی۔

آخر میں حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا امام ضرغام صاحب بانی و مدیر الحراء دار القرآن نے مجلس عزائے امام جعفر صادق علیہ السلام کو خطاب فرمایا۔
کانفرنس میں نظامت کے فرائض مولانا سید علی ہاشم عابدی نے انجام دیا۔ واضح رہے اس کانفرنس میں مقررین کے علاوہ دیگر علماء، افاضل، طلاب کرام اور مومنین نے شرکت کی۔