اسلام آباد کے فائیو سٹار ہوٹل سرینا میں آتشزدگی،’آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی‘

اسلام آباد کے فائیو سٹار ہوٹل سرینا میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کا دھواں شہر میں دور تک دیکھا گیا۔
جمعے کی سہ پہر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ آگ ہوٹل کے چھٹے فلور پر لگی۔ ’ہوٹل کے عملے اور تمام مہمانوں کو محفوظ طریقے سے نکالا گیا۔‘
اسلام آباد فائر اینڈ ریسکیو کی جانب سے بتایا گیا کہ ہوٹل کے چھٹے فلور پر اچانک بھڑک اٹھنے والی آگ کو بجھانے کے لیے فائر فائٹرز نے مستعدی سے کام کیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ ’تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعے پر موجود ہیں اور ریسکیو آپریشن کے بعد اب کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق آگ سرینا ہوٹل کے ٹاپ فلور پر لگی تھی جس کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور جلد قابو پا لیا گیا۔ ’ممکنہ طور پر آگ شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے لگی۔‘
اسسٹنٹ کمشنرز، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور فائر برگیڈ کی چار گاڑیاں موقع پر موجود رہیں۔
پی ایس ایل کی ٹیمیں بھی سرینا ہوٹل میں ٹھہری ہوئی ہیں۔
سرینا ہوٹل کی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر کے مطابق آگ پر بروقت قابو پا لیا گیا اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔