چین میں حادثہ: نرسنگ ہوم میں آگ لگنے سے 20 افراد کی دردناک موت، جان بچانے کے لیے لوگ عمارت سے کودے

شمالی چین کے ہیبئی صوبہ میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک نرسنگ ہوم میں آگ لگنے سے 20 لوگوں کی موت ہو گئی۔ چینگدے شہر کے لونگہوا کاؤنٹی میں منگل کی دیر رات اسپتال میں شدید آگ لگ گئی۔ کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا لیا گیا لیکن تب تک 20 لوگوں کی جان چلی گئی تھی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ژنہوا‘ نے مقامی افسروں کے حوالے سے بتایا کہ بدھ کی صبح تک 20 لوگوں کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے۔ اس واقعہ میں کئی دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی لوگوں نے آگ سے بچنے کے لیے عمارت سے نیچے چھلانگ لگا دی جس سے انہیں شدید چوٹیں آئیں۔

اطلاع کے مطابق آگ لگنے کے وقت نرسنگ ہوم میں کئی بزرگ اور ملازمین موجود تھے۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ محکمہ نے فوری طور پر کارروائی کی لیکن آگ اتنی تیز تھی کہ اسے بجھانے میں کافی وقت لگ گیا، جس سے کئی لوگوں کی جان نہیں بچائی جا سکی۔
’ژنہوا‘ کے مطابق اس واقعہ کے بعد مقامی انتظامیہ نے جانچ شروع کر دی ہے اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ آگ کیسے لگی۔ محفوظ نکالے گئے لوگوں کو قریب کے ہی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کی نگرانی اور علاج جاری ہے۔ اس حادثہ کے بعد پورے علاقے میں غم و صدمے کی لہر دوڑ گئی۔
چین میں پیش آئے اس واقعہ کے بعد لوگوں کو ہوشیار ہو جانا چاہیے کہ نرسنگ ہوم اور اسپتالوں میں تحفظ کے انتظامات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔