اصول فقہ کے قواعد تمام فقہ میں نافذ ہیں لیکن فقہی قواعد صرف فقہ کے مخصوص مسائل میں نافذ ہوتے ہیں: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور منگل 9 شوال 1446 ہجری کو منعقد ہوا۔ جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فقہی اور اصولی قواعد میں فرق کے سلسلہ میں فرمایا: وہ قواعد جن سے فقہ میں ابتدا سے انتہا تک استفادہ کیا جاتا ہے وہ اصولی قواعد کہے جاتے ہیں، لیکن وہ قواعد جو بعض فقہی مسائل میں نہ کہ تمام مسائل میں استعمال ہوتے ہیں انہیں فقہی قواعد کہا جاتا ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فقہ کے مختلف ابواب میں روایات کے اطلاق کے سلسلہ میں فرمایا: یہ مسئلہ اس بات پر منحصر ہے کہ آیا یہ روایت تمام فقہ پر نافذ ہوتی ہے جیسے استصحاب، اور مثلا جہاں "لا تنقض” بالیقین و الشک نہیں کہا گیا ہے تو نماز، روزہ اور حج میں بھی نافذ ہوگا، ایسی صورت میں تمام جگہ قابل استفادہ ہے لہذا اسے اصولی قاعدہ کہا جاتا ہے۔ لیکن اگر کسی خاص باب سے مخصوص ہو جیسے "لا تعاد الصلوٰۃ” کہ یہ مسئلہ صرف نماز سے مخصوص ہے، اسی طرح اگر کوئی قاعدہ کسی خاص باب سے مخصوص ہے اور وہاں اس سے استفادہ ہوتا ہے تو فقہاء ان امور کو خود روایات سے اخذ کرتے ہیں۔

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فقہ کے مخصوص قواعد کے سلسلہ میں فرمایا: یہ سب اصطلاحات ہیں اور فقہی قاعدہ وہ قاعدہ ہے جو بعض فقہی مسائل پر اطلاق ہوتے ہیں جیسے قاعدہ لاتعاد کہ جو ایک فقہی قاعدہ ہے۔ اور علم اصول میں اس پر بحث نہیں ہوئی ہے کیونکہ یہ قاعدہ نماز سے مخصوص ہے، اسی طرح قاعدہ "الخراج بالضمان” کہ یہ بھی ایک فقہی قاعدہ ہے جو خاص مسائل سے مخصوص ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے اصولی مسائل کے سلسلہ میں فرمایا: اصولی قواعد یا مسائل وہ قواعد ہیں جن سے تمام فقہ میں استفادہ کیا جاتا ہے، مثلا یقین، مطلقا حجت ہے، یا ظنون معتبرہ تمام فقہ میں معتبر ہے، یا مسائل جیسے خبر واحد، اجماع، ظواہر، اصول عملیہ، اصل برائت، اصل اشتغال، اصل تخییر، اصل استصحاب کہ اصول میں ان سے بحث ہوتی ہے اور یہ تمام فقہ میں نافذ ہوتے ہیں۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: لہذا اصول فقہ میں ایسے عمومی مسائل پر بحث کی جاتی ہے جو شروع سے آخر تک تمام فقہ میں مستعمل ہیں، لیکن فقہی قاعدہ فقہ میں ایک مخصوص قاعدہ ہے جو تمام فقہ میں استعمال نہیں ہوتا اور صرف اس مخصوص موضوع سے مخصوص ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: نتیجہ میں اصول کے تمام مسائل فقہی مسائل کی تحقیق کے لئے استعمال ہوتے ہیں اور ان سب کا استعمال احکام شرعی میں ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے یہ روزانہ علمی نشستیں قبل از ظہر منعقد ہوتی ہیں، جنہیں براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل کے ذریعے یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھا جا سکتا ہے۔