
اپریل کے پہلے ہی ہفتہ میں شدید گرمی نے شمالی ہند کو بےحال کردیا ہے۔ دہلی، اتر پردیش، راجستھان، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، گجرات اور اوڈیشہ جیسی کئی ریاستوں کے کم از کم 21؍ شہروں میں درجہ حرارت 42؍ ڈگری سے تجاوز کر گیا ہے۔ خاص طور پر دہلی-این سی آر میں آئندہ 3؍ دنوں تک مزید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ راجستھان اور گجرات کے کچھ علاقوں میں لُو کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں۔ اِدھر ممبئی میں پیر کو درجہ حرارت 34؍ ڈگری تک پہنچ گیا جبکہ ماہرین نے منگل کو پارہ کے 35؍ ڈگری کو چھولینےکا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے گریز کرنے، پانی پیتے رہنے اور گرمی سے بچاؤ کیلئے مناسب احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت دی ہے۔ ماہرین کے مطابق اپریل کے پہلے ہفتہ میں کئی شہروں میں درجہ حرارت میں 3؍ سے 6ء9؍ ڈگری سیلسیس تک کا اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، جو غیرمعمولی ہے۔راجستھان کے بیکانیر، جودھپور اور بالخصوص باڑمیر میں شدید گرمی کا سامنا ہے۔
اتوار 6؍اپریل کو باڑمیر میں درجہ حرارت 45ء6؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جو اپریل کے پہلے ہفتے کا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ گجرات کے ساحلی علاقوں، خاص طور پر سورت، احمد آباد اور سوراشٹر کے ساتھ ساتھ کَچھ کے علاقوں میں 6؍ اپریل سے 10؍ اپریل تک شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔اس دوران لُو کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ان علاقوں کیلئےالرٹ جاری کیا ہے۔