
پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کی وجہ سے بارشوں میں 40 فیصد تک کمی ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں دریائے سندھ میں پانی کے بحران نے 100 سالہ ریکارڈ کو توڑ دیا ہے محکمہ آبپاشی کے مطابق سکھر بیراج پر پانی کی کمی 71 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور تینوں بیراجوں پر مجموعی طور پر 65 فیصد پانی کی کمی کا سامنا ہے .
محکمہ آبپاشی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس اپریل کے پہلے ہفتے میں سکھر بیراج پر پانی کی قلت 39 فیصد تھی جو اس سال 71 فیصد تک پہنچ چکی ہے اس کے علاوہ تینوں بیراجوں پر مجموعی طور پر پانی کی کمی 37 فیصد سے بڑھ کر 65 فیصد تک جا پہنچی ہے جس سے نہ صرف زرعی پیداوار متاثر ہو رہی ہے بلکہ پانی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ملک بھر میں پانی کے بحران میں مزید شدت آ گئی ہے جس کا اثر زرعی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ روزمرہ کی زندگی پر بھی پڑ رہا ہے حکومتی ادارے اور محکمہ آبپاشی اس بحران کے حل کے لیے مختلف اقدامات پر غور کر رہے ہیں تاہم اس صورتحال میں فوری اور موثر اقدامات کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے