اسلامی دنیاثقافت اور فنخبریںدنیامقالات و مضامینیورپ

تنہا اور مایوس نوجوان، دنیا بھر میں شدت پسند سلفی سنی گروہوں کا ہدف : رپورٹ

جرمنی میں ہونے والی ایک جامع تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ شدت پسند سلفی سنی گروہوں کی جانب رجحان دینداری کی بنیاد پر نہیں بلکہ تنہائی، محرومی، امتیازی سلوک اور سماجی و ذاتی بےبسی کے باعث پیدا ہوتا ہے۔

تحقیق، جو RADIS تحقیقاتی نیٹ ورک کے تحت 100 سے زائد ماہرین کی شراکت سے کی گئی، یہ ظاہر کرتی ہے کہ ان گروہوں میں اکثر وہ نوجوان شامل ہوتے ہیں جو ذہنی دباؤ، نسلی امتیاز، شناخت کے بحران یا خاندانی مسائل کا شکار ہوتے ہیں۔

مطالعے کے مطابق، اگرچہ جرمنی میں لاکھوں مسلمانوں میں سے صرف ایک قلیل تعداد ہی شدت پسندی کی طرف مائل ہوتی ہے، تاہم یہی قلیل تعداد نہ صرف حقیقی اسلام کی شبیہ کو مسخ کرتی ہے بلکہ معاشرتی ہم آہنگی اور سلامتی کے لیے خطرہ بھی بن سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شخصی عدم استحکام اور سماجی تنہائی جیسے عوامل نوجوانوں کو ایسے گروہوں کی طرف مائل کرتے ہیں جو دکھاوے کے نعرے لگا کر انہیں جھوٹی اہمیت اور معنویت کا احساس دیتے ہیں۔

اس شدت پسندی کے پھیلاؤ میں سوشل میڈیا کا کردار کلیدی ہے۔ سلفی سنی شدت پسند انفلوئنسرز سادہ اور جذباتی ویڈیوز کے ذریعے اُن نوجوانوں کو نشانہ بناتے ہیں جن کی دینی معلومات محدود ہوتی ہیں اور جو زندگی کے معنی تلاش کر رہے ہوتے ہیں۔

خصوصاً مختصر ویڈیوز، جو پیچیدہ مسائل کے لیے فوری اور سطحی حل پیش کرتی ہیں، سب سے زیادہ اثر انداز ہوتی ہیں۔

ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ شدت پسندی سے نمٹنے کے لیے صرف سکیورٹی اقدامات کافی نہیں، بلکہ اس کے لیے پائیدار سرمایہ کاری، تعلیمی اصلاحات، سماجی انضمام، بین المذاہب مکالمہ اور پیشگی آگاہی کی ضرورت ہے۔

تحقیق کا مشورہ ہے کہ تحقیقاتی، سکیورٹی اور سماجی اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کے ذریعے شدت پسندی کے نمونوں کو بہتر طور پر سمجھا جا سکتا ہے اور مستقبل میں نئے انتہا پسند رجحانات کو روکا جا سکتا ہے۔

ان حالات میں شیعہ مفکرین کو چاہیے کہ وہ مغربی ممالک سمیت دنیا بھر میں نوجوانوں کی رادیکالائزیشن کے بڑھتے رجحان کے تناظر میں اسلامِ علوی کی اصل حقیقت کو اجاگر کریں۔

یہ ایک موقع ہے کہ عقلی اور رحمانی اسلام کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے اور نوجوانوں کو سلفی شدت پسندی کے خطرناک جال سے محفوظ رکھا جائے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button