6 شوال؛ امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی پہلی توقیع جناب حسین بن روح نوبختی رضوان اللہ تعالی علیہ کو موصول ہوئی

قطب عالم امکان لنگر زمین و زمان حضرت صاحب الزمان امام مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف کے دوسرے نائب خاص جناب محمد بن عثمان رضوان اللہ تعالی علیہ کا آخری وقت آیا تو انہوں نے امام علیہ السلام کے حکم کے مطابق جناب جناب حسین بن روح نوبختی رحمۃ اللہ علیہ کی نیابت خاصہ کا اعلان کیا اور اپنے خادم کو حکم دیا کہ امانتوں سے بھرا صندوق ان کے حوالے کرے۔
جناب حسین بن روح نو بختی رضوان اللہ تعالی علیہ کی نیابت کے کچھ ہی عرصہ بعد 6 ؍ شوال 305 ہجری کو امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی توقیع (خط) موصول ہوئی جسمیں تحریر تھا۔

’’ہم انہیں(حسین بن روح کو) جانتے ہیں، میری دعا ہے کہ خدا انہیں تمام اچھائیوں سے آگاہ فرمائے اور انہیں اپنے لطف و کرم سے خوش و خرم رکھے۔ ان کی درخواست سے آگاہ ہوں اور ان کو دی گئی ذمہ داری کی ادائگی کی امید ہے۔ وہ ہمارے پاس ایسے مقام و منزلت کے حامل ہیں جو ان کی خوشنودی کا باعث بنے گا۔ خدا ان پر اپنے فضل و کرم کی فراوانی مرحمت فرمائے۔‘‘ (بحارالانوار جلد 51، صفحہ 356)
حضرت امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی مذکورہ تحریر سے جناب حسین بن روح نوبختی رضوان اللہ تعالی علیہ کی عظمت کا اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ آپ امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے نزدیک نیک، با فضیلت تھے اور معصوم کی دعا آپ کے شامل حال تھی۔