خبریںشیعہ مرجعیتماتمی انجمنیں اور حسینی شعائرہندوستان

محبت اہل بیت علیہم السلام عظیم نعمت ہے: مولانا سید اشرف علی الغروی

لکھنو۔ نجم العلماء آیۃ اللہ سید علی نقوی طاب ثراہ کے ایصال ثواب کے لئے حسینیہ سید تقی صاحب المعروف جنت مآب میں ایک مجلس منعقد ہوئی، مجلس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، شعراء کرام نے اشعار پیش کئے، اس پروگرام میں مولانا تصور حسین نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی صاحب قبلہ (وکیل آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ) نے مجلس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محبت اہل بیت علیہم السلام کی خصوصیت یہ ہے کہ اہل بیت علیہم السلام نے جن چیزوں کو کرنے کا حکم دیا ہے اس کو بجا لانا ہے اور جن کاموں سے منع کیا ہے ان سے دور رہنا ہے، کیونکہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ نے فرمایا ہے "جو شخص محبت اہل بیت علیہم السلام میں اس دنیا سے انتقال کر جائے وہ شہید ہوتا ہے۔”

شہید کے بارے میں پروردگار عالم فرماتا ہے کہ "جو لوگ اللہ کی راہ میں قتل کر دیے جائیں انہیں مردہ نہ کہو بلکہ وہ خدا کے یہاں سے رزق پا رہے ہیں۔ جس کے دل میں محبت اہل بیت علیہم السلام ہو اس کا کوئی ہم پلہ نہیں ہوتا ہے۔ محبت اہل بیت علیہم السلام بہت بڑی نعمت ہے اس کی ہمیں قدر کرنا چاہیے۔

مولانا سید اشرف علی الغروی صاحب قبلہ نے نجم العلماء سید علی نقوی طاب ثراہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ نجم العلماء ہمیشہ اپنے اہل خانہ کی کفالت کے لئے دن رات جستجو کرتے رہے۔ انہوں نے اپنے آرام کی پرواہ نہ کرتے ہوئے انہتک جدوجہد میں پوری عمر گذار دی اور اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ کر دیا۔ اپنی اولاد میں علم دین قائم رکھنے کے لئے دن کو دن نہیں سمجھا، نجم العلماء نے کبھی اپنی پریشانی یا الجھنیں اپنے بچوں پر آشکار نہیں ہونے دیا اور خود سیسہ پلائی دیوار کے مانند ہر مشکل کا سامنا کرتے رہے۔

مولانا سید اشرف علی الغروی صاحب قبلہ نے آخر میں مصائب امام حسین علیہ السلام بیان کیا جس پر عزاداروں نے گریہ کیا۔ مجلس کے اختتام پر مولانا موصوف نے نجم العلماء سید علی نقوی طاب ثراہ کے بلندی درجات کی دعا کی۔ اس پروگرام میں علماء، طلاب اور دیگر مومنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button