
ہندستان کی ریاست گجرات میں ایک تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ خاتون ٹرینی پائلٹ نے تکنیکی خرابی کے باعث طیارہ کھیت میں کریش لینڈنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئیں۔
ہندستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ گجرات کے شہر مہسانہ میں پیش آیا، جہاں گزشتہ شام ایک تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق طیارہ تکنیکی خرابی کے سبب حادثے کا شکار ہوا۔ 19 سالہ خاتون ٹرینی پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئیں اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
مہسانہ ٹاؤن پولیس کے مطابق، یہ واقعہ شام 7 بجے کے قریب پیش آیا جب مہسانہ ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے بعد طیارہ اچارپی کے کھیت میں جا گرا۔ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ سیسنا 152 تھا، جو ایک نجی ایوی ایشن فرم بلیو رے ایوی ایشن پرائیویٹ لمیٹڈ کی ملکیت ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔