
مہاراشٹر، ہندوستان میں بڑھتی ہوئی گرمی اور شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر ریاستی حکومت نے تمام اسکولوں کو صبح۷؍ بجے سے۱۵:۱۱؍ بجے کے درمیان کلاسیز منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ فیصلہ طلبہ کو گرمی کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ پرائمری اور سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ریاست کے تمام اسکول، خواہ وہ کسی بھی میڈیم یا انتظامیہ کے تحت ہوں، اس ہدایت پر عمل کریں گے۔
حکومت نے یہ فیصلہ گرمی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے جبکہ مختلف تنظیموں کی جانب سے بھی صبح کے اوقات میں کلاسیزمنعقد کرنے کی درخواستیں دی گئی تھیں۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ریاست بھر میں اسکولوں کے نظام الاوقات میں یکسانیت لانے کے لئےیہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ تمام پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں میں صبح۷؍ بجے سے۱۵:۱۱؍ بجے تک کلاسز منعقد ہوں گی، تاکہ طلبہ شدید گرمی کی لپیٹ میں نہ آئیں۔ ساتھ ہی، اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ طلبہ کو گرمی کی لہر سے محفوظ رہنے کے طریقے بتائیں اور کھلی جگہوں پر کلاسیز منعقد نہ کریں۔
محکمہ تعلیم نے اسکولوں کو یہ بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے کہ کلاس رومز میں پنکھے درست حالت میں کام کر رہے ہوں، طلبہ کو ٹھنڈا پانی فراہم کیا جائے، اور انہیں موسمی پھلوں اور سبزیوں کے استعمال کی ترغیب دی جائے، تاکہ وہ صحت مند رہ سکیں اور گرمی کے اثرات سے محفوظ رہیں۔