
ابوجا، نائیجیریا میں رواں سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران لاسّا بخار سے 118 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ یہ اطلاع مغربی افریقی ملک کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (NCDC) نے دی ہے۔
یہ وائرس چوہوں کے ذریعے پھیلتا ہے اور سب سے پہلے 1969 میں شمال مشرقی ریاست بورنو میں شناخت کیا گیا تھا۔ گزشتہ کئی برسوں کے دوران، خاص طور پر دیہی علاقوں میں غیر محفوظ طریقوں سے خوراک کے استعمال کے باعث، یہ بیماری ہزاروں افراد کی جان لے چکی ہے۔
اگرچہ بیماری سے بچاؤ کے لیے مختلف آگاہی مہمات چلائی گئی ہیں، لیکن دیہی علاقوں میں ماحولیاتی صفائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری نہیں آئی۔ غربت کے شکار افراد کے گھروں اور کھانے پینے کی اشیاء تک چوہوں کی رسائی بدستور جاری ہے، جس کی وجہ سے یہ بیماری پھیل رہی ہے۔