آیت اللہ العظمیٰ شیرازی: عالمی چیلنجوں کا مقابلہ اتحاد اور مضبوط ایمان سے ممکن

آیت اللہ العظمیٰ سید صادق الحسینی الشیرازی نے زور دیا کہ آج دنیا میں جاری جنگوں اور طاقتور قوتوں کی جانب سے کمزور اقوام، خصوصاً مسلم معاشروں پر ہونے والے مظالم کے خلاف کامیابی کے لیے اتحاد اور ثابت قدم ایمان ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی تاریخ میں اس سے بھی زیادہ سخت اور خطرناک آزمائشیں آئیں، مگر جو لوگ اپنے ایمان پر قائم رہے، وہی فتح یاب ہوئے۔ آج کے حالات بھی ایک امتحان ہیں، جو مسلمانوں کے صبر اور استقامت کو پرکھ رہے ہیں۔

آیت اللہ شیرازی نے فرمایا: "مؤمنین کو ان چیلنجوں کے باعث خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ یہ آزمائشیں درحقیقت ایمان کی مضبوطی کا ذریعہ بنتی ہیں۔ انہیں قرآن کریم کی طرف رجوع کرنا چاہیے اور اس کی آیات میں غور و فکر کرنا چاہیے تاکہ وہ سمجھ سکیں کہ اللہ تعالیٰ نے کس طرح ماضی میں مسلمانوں کو مشکلات کے باوجود کامیابی عطا فرمائی۔”
انہوں نے مسلمانوں کو اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے، کمزوری کے خلاف ڈٹ جانے اور عزت و وقار کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے امتحانات بھی ابتدائی دور کے مسلمانوں کی آزمائشوں سے مختلف نہیں، اور ان سے کامیابی وہی حاصل کرے گا جو اللہ کے وعدۂ نصرت پر غیر متزلزل یقین رکھے گا۔
آپ ان علمی جلسہ کو براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھ سکتے ہیں۔