اسلامی دنیاخبریںشیعہ مرجعیت

آیت اللہ العظمی شیرازی: بعض فقہا کے نزدیک صبی کے اعمال اور عبادات محض تمرینی حیثیت رکھتے ہیں

آیت اللہ العظمی سید صادق حسینی شیرازی کی روزانہ علمی نشست بدھ کی شب، 25 ماہ مبارک رمضان 1446 ہجری کو منعقد ہوئی۔ اس نشست میں، دیگر جلسوں کی طرح، انہوں نے حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے۔

آیت اللہ العظمی شیرازی نے صبی کے شرعی احکام کے بارے میں فرمایا کہ فقہی دلائل کے مطابق، صبی وہ شخص ہے جو احتلام کی شرائط تک نہ پہنچا ہو، چاہے اس کی عمر دس سال یا اس سے کم و زیادہ ہو۔ حدیث شریف کی رو سے، فقہا کے مشہور قول کے مطابق، اس پر شرعی تکالیف واجب نہیں ہیں، اور یہ مسئلہ کتاب عروۃ الوثقی میں بھی ذکر کیا گیا ہے۔ البتہ بعض فقہا نے اس پر حاشیہ لگایا ہے کہ صبی وہ ہے جو ممیز ہو، یعنی جو چیزوں میں تمیز اور پہچان رکھتا ہو، چاہے اس کی عمر کچھ بھی ہو۔

معظم لہ نے حضرت امام صادق علیہ السلام کی ایک روایت کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ صبی وہ ہے جو نہ تو سن بلوغ کو پہنچا ہو اور نہ ہی ممیز ہو۔ شارع کا حکم صرف تمیز یا عدم تمیز کی بنیاد پر نہیں بلکہ امتحان اور آزمائش کی بنیاد پر ہے، جو اللہ عزوجل کے نزدیک سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید تاکید کی کہ بعض فقہا کے نظریے کے مطابق، صبی کے اعمال اور عبادات کی حیثیت صرف تمرینی ہوتی ہے، لہٰذا اگر وہ نمازِ جماعت کی صف میں کھڑا ہو تو چونکہ اس پر تکلیف اور وجوب نہیں، اس کی موجودگی سے نماز جماعت کا اتصال برقرار نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ علمی جلسات آپ کے دفتر واقع ایران، قم مقدس، خیابان چہار مردان، کوچہ 6 میں بعد نماز مغربین منعقد ہوتا ہے‌۔

آپ ان علمی جلسہ کو براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھ سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button