
امریکا کی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی ایک پرواز کو اس وقت غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک پائلٹ کے پاسپورٹ نہ ہونے کے باعث طیارے کو واپس آنا پڑا۔
22 مارچ کو یو اے 198 پرواز لاس اینجلس سے شنگھائی روانہ ہوئی، جس میں 257 مسافر اور 13 عملے کے افراد سوار تھے۔ پرواز نے دوپہر 2 بجے اڑان بھری اور بحرالکاہل کے اوپر شمال مغرب کی سمت پرواز کر رہی تھی کہ دو گھنٹے بعد ایک پائلٹ کو یاد آیا کہ اس کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے۔
ایئرلائن کے مطابق، اس غیر متوقع معاملے کے باعث طیارے کو سان فرانسسکو واپس موڑ دیا گیا، جہاں یہ شام 5 بجے اترا۔ بعد ازاں، فضائی کمپنی نے نئے عملے کا انتظام کیا اور طیارے کو رات 9 بجے دوبارہ شنگھائی روانہ کیا گیا۔
مسافروں کے مطابق، پائلٹ نے انٹرکام پر انتہائی پریشان لہجے میں اس بات کا اعلان کیا۔ ایک مسافر، یانگ شوہان، نے بتایا کہ لینڈنگ کے بعد انہیں 30 ڈالر مالیت کے کھانے کے واؤچرز دیے گئے، جو انہوں نے ایئرپورٹ کے ایک جاپانی ریسٹورنٹ میں استعمال کیے۔
چینی سوشل میڈیا ایپ "ریڈ نوٹ” پر مسافروں نے واقعے پر ملا جلا ردِ عمل دیا، کچھ نے اسے مضحکہ خیز جبکہ دیگر نے حیران کن قرار دیا۔