
نیوزی لینڈ کے ساحلی علاقے میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.7 ریکارڈ کی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق، ہزاروں افراد نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے، جبکہ مقامی میڈیا نے عمارتوں کے لرزنے اور گھریلو سامان گرنے کی اطلاعات دیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی تصدیق کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے معلومات شیئر کیں۔ حکام نے متاثرہ علاقوں میں رہنے والے افراد کو سمندر سے دور رہنے کی وارننگ جاری کی ہے، کیونکہ طاقتور لہریں خطرہ پیدا کر سکتی ہیں۔
زلزلے کا مرکز 10 کلومیٹر زیر زمین تھا، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی کا امکان کم بتایا جا رہا ہے۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے ملک بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے اور عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت کی ہے۔
نیوزی لینڈ سول ڈیفنس اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ کے مطابق، فی الحال سونامی کا خطرہ نہیں ہے، تاہم حکام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور آفٹر شاکس کے لیے تیار رہیں، کیونکہ زلزلے کے بعد مزید جھٹکوں کا خدشہ موجود ہے۔