
سری نگر، شمالی ضلع بارہ مولہ کے جلال صاحب علاقے میں پیر کی شام آتشزدگی کے ایک بھیانک واقعے میں 8 سے 10 رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق، پیر کی شام بارہ مولہ کے جلال صاحب علاقے میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی، جس نے آناً فاناً اپنے متصل متعدد مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے اور مقامی لوگوں نے فوری طور پر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی، تاہم آتشزدگی کے اس واقعے میں تقریباً ایک درجن رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔

مزید یہ کہ اس آتشزدگی کے نتیجے میں کروڑوں روپے کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی ہے اور تقریباً ایک درجن کنبے کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ بارہ مولہ کے جلال صاحب علاقے میں پیر کی شام رہائشی بستی میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ سات فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا، تاہم آتشزدگی کے اس واقعے میں 8 سے 10 رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
موصوف افسر نے بتایا کہ آگ بجھانے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی نقصان کی مکمل تفصیلات فراہم کی جا سکیں گی۔
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف آتشزدگی کے واقعات میں 36 رہائشی مکان خاکستر ہو چکے ہیں۔