
لکھنو۔ خطیب اکبر مولانا مرزا محمد اطہر مرحوم کی نواسی ایلیش مبارک بنت ڈاکٹر میثم مبارک کے چالیسویں کی مجلس امام باڑہ شاہ نجف میں منعقد ہوئی۔ جس کا اغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ قاری ندیم نجفی اور مولانا تفسیر نے تلاوت قرآن مجید کی۔ شعراء کرام جناب شکیل اترولوی، پروفیسر عزیز حیدر اور جناب اعجاز زیدی نے مظلوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ جناب مصطفی اکبر مہدی نے سوز خوانی کے فرائض انجام دیے۔
مینیجر حوزہ علمیہ جامعۃ التبلیغ لکھنو مولانا مرزا جعفر عباس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی مشہور حدیث "فاطمہ (سلام اللہ علیہا) میرا ٹکڑا ہیں.” کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے فرمایا: ایک بیٹی کے ایصال ثواب کی مجلس ہے۔ لہذا میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی مشہور حدیث کو سرنامہ کلام قرار دیا جس میں آپ نے اپنی بیٹی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی فضیلت بیان کی ہے، بے شک کائنات کی ساری بیٹیاں رسول اللہ کی بیٹی پر نچھاور ہو جائیں۔

مولانا جعفر عباس نے مزید فرمایا: دنیا کی بیٹیاں اپنے باپ کا سکون ہوتی ہیں لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی بیٹی اپنے باپ کی ماں ہے۔ ظاہر ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کے تمام اقوال قرآن کریم نہیں ہیں لیکن قرآن کریم نے ہمیں یہ بتایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وہی کہتے ہیں جو وحی پروردگار ہوتی ہے۔ جس سے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
مولانا جعفر عباس نے فرمایا: تاریخ میں کچھ بیٹیاں ایسی ہیں جو اپنے خاندان اور گھر کے لئے باعث ننگ و عار بنی، جنہوں نے اسلام کی مخالفت میں گھر سے قدم نکالا لیکن اسی کے برخلاف کچھ بیٹیاں ایسی ہیں جنہوں نے اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کے حکم اور اسلام کی حمایت میں گھر سے قدم نکالا جن میں سر فہرست رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی اکلوتی بیٹی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ہیں، امیر المومنین علیہ السلام کی بیٹیاں حضرت زینب سلام اللہ علیہا اور حضرت ام کلثوم سلام اللہ علیہا ہیں۔

مولانا جعفر عباس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کی حدیث”اگر علی (علیہ السلام) نہ ہوتے تو فاطمہ (سلام اللہ علیہا) کا کوئی کفو نہ ہوتا.” کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: دنیا میں کوئی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا مقابلہ نہیں کر سکتا، صرف عورتوں کی بات نہیں ہے بلکہ مردوں میں بھی کوئی آپ کے برابر نہیں ہو سکتا، صرف وہی ہوگا جسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا ہے۔
مجلس میں مولانا سید صائم مہدی صدر آل انڈیا شیعہ پرسنل لاء بورڈ، مولانا سید زاہد احمد نجفی، مولانا اعجاز اطہر، مولانا یعسوب عباس، مولانا سید عباس ناصر عبقاتی، مولانا میثم زیدی کے علاوہ دینی، علمی، قومی، اور سماجی شخصیات اور مومنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔