
غازی آباد کے لونی علاقے میں بی جے پی ایم ایل اے نندکیشور گوجر نے پولیس کو کھلے عام دھمکی دیتے ہوئے اجازت کے بغیر کلش یاترا نکالی، جس پر پولیس اور ان کے حامیوں میں شدید کشیدگی دیکھنے میں آئی۔
نندکیشور گوجر رام چرِت مانس سر پر رکھ کر یاترا کی قیادت کر رہے تھے۔ پولیس نے جب بغیر اجازت یاترا نکالنے پر روکا تو ایم ایل اے اور ان کے حامیوں نے مزاحمت کی اور پولیس سے دھکا مکی شروع ہو گئی۔ ہنگامے میں ایم ایل اے کے کپڑے پھٹ گئے، مگر وہ پیچھے نہ ہٹے .
ایم ایل اے نے الزام لگایا کہ پولیس رام کتھا جیسے مذہبی پروگرام میں رکاوٹ ڈال رہی ہے اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔
پولیس نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ یاترا کے لیے اجازت نہیں لی گئی تھی، اس کے باوجود اسے زبردستی نکالا گیا۔ اے سی پی اجے سنگھ کے مطابق ایم ایل اے اور ان کے حامیوں نے قانون کی خلاف ورزی کی اور پولیس سے بدتمیزی بھی کی، جس پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔