امیر المومنین امام علی علیہ السلام کی شہادت پر پورے ہندوستان میں عزاداری کا سلسلہ جاری

امیر المومنین امام علی علیہ السلام کے ایام شہادت کے مناسبت سے 18 رمضان المبارک شب قدر شب ضربت سے پورے ملک میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں درگاہ شاہ مرداں میں شب ضربت مجلس عزا منعقد ہوئی جس میں مومنین نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے اپنے مولا کی عزاداری کی۔ صبح ضربت بعد نماز صبح سید امیر علی زیدی کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی مجلس عزا منعقد ہوئی، بعدہ شبیہ تابوت بر آمد ہوا۔ اس کے علاوہ دہلی اور قرب و جوار کے دیگر عزاخانوں اور مساجد میں بھی عزاداری ہوئی اور جاری ہے۔
ممبئی، حیدرآباد، چنئ، بارہ بنکی، جونپور سمیت پورے ملک میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔

شہر عزا لکھنو میں درگاہ حضرت عباس علیہ السلام، مسجد ولی عصر علیہ السلام مفتی گنج، امام باڑہ میرن صاحب، بیت الحزن، روضہ فاطمین، عزا اخانہ سید اسلم زیدی بڑا باغ مفتی گنج سمیت پورے شہر میں مولا کی عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔
صبح ضربت مسجد کالا امام باڑہ پیر بخارہ میں بعد نماز صبح مجلس عزا منعقد ہوئی جسے امام جماعت مسجد مولانا سید علی ہاشم عابدی نے خطاب کیا۔ بعدہ جلوس شبیہ تابوت برآمد ہو کر کالا امام باڑہ گیا۔
یہ عزاداری کا سلسلہ 21 رمضان المبارک دیر رات تک جاری رہے گا۔