اسلامی دنیاایشیاءخبریںدنیا
استنبول کے میئر کی گرفتاری پر شدید احتجاج، ملک بھر میں مظاہرے

استنبول کے میئر اکرم امام اعوغلو کی گرفتاری کے بعد ترکی میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور حکومتی فیصلے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اکرم امام اعوغلو کو بدعنوانی اور دہشت گرد گروہوں کی معاونت کے الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کی صدارتی انتخابات میں شرکت روکنے کے لیے ان کی ڈگری بھی منسوخ کردی گئی۔
اکرم امام اعوغلو، جو ترک صدر رجب طیب اردوان کے سخت سیاسی حریف ہیں، 23 مارچ کو صدارتی امیدوار کے طور پر نامزد ہونے والے تھے۔
میئر کی گرفتاری پر ملک بھر میں حکومت مخالف احتجاج شدت اختیار کرگیا، پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور 100 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جن میں سیاست دان اور حکومتی شخصیات بھی شامل ہیں۔