اسلامی دنیاپاکستانخبریں

منبر سے تعلیمات محمد صلی اللہ علیہ وآلہ و آل محمد علیہم السلام کو عام کریں: علماء و مقررین

معروف عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی کی رہائش گاہ پر "منبر حسینی علیہ السلام اور ہماری ذمہ داریاں” کے عنوان سے ایک اہم نشست منعقد کی گئی۔ اس نشست میں مجلس ذاکرین امامیہ پاکستان کے علماء، ذاکرین اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ نشست کا آغاز نماز مغربین باجماعت سے ہوا، جس کی امامت علامہ حیات عباس نجفی نے کی۔ بعد ازاں افطار کا اہتمام کیا گیا، جس کے بعد باضابطہ نشست کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے کیا گیا۔ نشست کی صدارت علامہ رضی جعفر نقوی نے کی جبکہ علامہ حسن ظفر نقوی نے میزبان کی حیثیت سے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

علماء کرام اور ذاکرین نے اپنے خطابات میں ملکی و بین الاقوامی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ دور میں منبر حسینی علیہ السلام کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ منبر سے تعلیمات حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ  و آل محمد علیہم السلام کو عام کرنا، مومنین کو عالمی سامراجی سازشوں سے آگاہ کرنا اور امت مسلمہ کے درمیان وحدت اور محبت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ علماء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منبر پر اختلافی موضوعات کو زیر بحث نہ لایا جائے تاکہ امت میں اتحاد اور یگانگت کو فروغ حاصل ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی طے پایا کہ نئے ذاکرین کے لیے تربیتی نشستوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں مزید بہتر انداز میں ادا کر سکیں۔

نشست میں جن نامور علماء اور ذاکرین نے شرکت اور خطاب کیا، ان میں علامہ رضی جعفر نقوی، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ باقر حسین زیدی، علامہ فرقان حیدر عابدی، علامہ نثار احمد قلندری، علامہ حیات عباس نجفی، علامہ حسن رضا رضوی، علامہ ڈاکٹر جواد زیدی، علامہ مبشر حسن، علامہ اظہار حیدر، علامہ سبط حیدر، علامہ علی غنی، علامہ قنبر علی شاہ سمیت دیگر علماء و ذاکرین شامل تھے۔ اس روحانی اور علمی نشست میں شعرائے اہل بیت علیہم السلام نے بھی اپنے کلام سے محفل کو مزید معنویت بخشی، جن میں شاعر کوثر نقوی، شاعر حسین شاعر، اسد ظفر نقوی اور سلطان رضوی شامل تھے۔

آخر میں علامہ حسن ظفر نقوی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس علمی و فکری نشست کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button