
سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں ایک کنویں سے 11 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ لاشیں اس علاقے سے ملی ہیں جو حال ہی میں سوڈانی فوج نے نیم فوجی گروہ ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) سے خالی کرایا تھا۔
خرطوم کے فیحا محلے میں واقع اس گہرے کنویں میں لاشیں مقامی رہائشیوں نے دیکھیں اور حکام کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس اور سول ڈیفنس فیلڈ ٹیم نے ریسکیو آپریشن کیا۔ پولیس نے بتایا کہ ان افراد کو آر ایس ایف نے قتل کرنے کے بعد کنویں میں پھینک دیا تھا۔ تاہم، آر ایس ایف کی جانب سے اس واقعے پر تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ سوڈان میں اپریل 2023 سے جاری خانہ جنگی کے دوران فوج اور آر ایس ایف کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 ہزار افراد ہلاک اور 1 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں۔ اس جنگ کی وجہ سے ملک کے کئی علاقوں میں قحط کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، جبکہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔ خرطوم میں برآمد ہونے والی ان لاشوں سے ملک میں جاری انسانی بحران اور مظالم کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔