ایشیاءتاریخ اسلامخبریںہندوستان

15 رمضان المبارک؛ یومِ ولادت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام پورے ہندوستان میں عقیدت و احترام سے منایا گیا

حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام، سبط اکبر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ ، فرزند امیرالمومنین امام علی علیہ السلام اور سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یومِ ولادت باسعادت کے موقع پر پورے ہندوستان میں محافل اور جشن کا انعقاد کیا گیا۔ جموں و کشمیر میں انجمنِ شرعی شیعیان کے اہتمام سے مرکزی امام بارگاہ بڈگام اور قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں پُروقار تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں علمائے کرام، جامعہ باب العلم اور مکتب علی حسن آباد سرینگر کے طلاب سمیت بڑی تعداد میں مومنین نے شرکت کی۔

علمائے کرام نے امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ قرار دیا۔ صدر انجمنِ شرعی شیعیان حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں مومنین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام نہ صرف سیرت و کردار میں بلکہ صورت میں بھی اپنے نانا، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سب سے زیادہ مشابہ تھے۔ آپ علیہ السلام تدبر، حلم، بردباری، سخاوت اور شریف النفسی میں اپنی مثال آپ تھے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسن علیہ السلام نے امت کی فلاح و بقا کے لیے بے مثال قربانیاں دیں اور صبر و استقامت کا ایسا مظاہرہ کیا جو قیامت تک مسلمانوں کے لیے ایک سبق ہے۔

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی سمیت ممبئی، حیدرآباد، چنئی، جونپور، کلکتہ، لکھنو اور دیگر شیعہ نشین علاقوں میں بھی یومِ ولادت امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ مومنین کے گھروں، مساجد اور امام بارگاہوں میں چراغاں کیا گیا اور خصوصی محافل کا انعقاد کیا گیا۔

لکھنو میں مسجد کالا امام باڑہ پیر بخارہ، فراش خانہ وزیر گنج، شاہی خیرات خانہ، روضہ فاطمین اور دیگر امام بارگاہوں میں جشن ولادت کی محافل منعقد ہوئیں، جہاں مقررین نے امام حسن علیہ السلام کی سیرت، صلح حدیبیہ جیسے عظیم فیصلے اور ان کی بردباری پر روشنی ڈالی۔

قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں جشن ولادت کے اختتام پر مکتب علی حسن آباد سرینگر کے ہونہار طلبہ میں اعزازی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ تمام مقامات پر علمائے کرام نے امام حسن علیہ السلام کی حیات طیبہ کے پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے امت مسلمہ کو ان کی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button