
امریکی ریاست کولوراڈو کے ڈینور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امریکن ایئر لائنز کی پرواز 1006 کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جب اس کے انجن میں آتشزدگی کے باعث دھواں اٹھنے لگا۔ حادثے کے نتیجے میں 12 مسافر زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کے مطابق، طیارہ کولوراڈو اسپرنگ ایئرپورٹ سے ڈیلس فورٹ ورتھ جا رہا تھا کہ عملے نے انجن میں غیر معمولی تھرتھراہٹ محسوس کی، جس کے بعد پرواز کو ڈینور موڑ دیا گیا۔ شام 5:15 بجے جب طیارے نے لینڈنگ کی، تو اس کے انجن میں آگ لگی ہوئی تھی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسافر ایمرجنسی ایگزٹ کے ذریعے باہر نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایئرپورٹ کے ترجمان کے مطابق، فائر فائٹرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔
امریکن ایئر لائنز نے تصدیق کی کہ پرواز میں 172 مسافر اور عملے کے 6 ارکان موجود تھے، جنہیں بحفاظت ٹرمینل پہنچایا گیا۔ کمپنی نے امدادی ٹیموں کا شکریہ ادا کیا، جبکہ FAA نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔