" فری مسلم آرگنائزیشن" کی اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈے کے تدارک کی اپیل – عالمی یوم انسداد اسلاموفوبیا کے موقع پر پیغام

عالمی یوم انسداد اسلاموفوبیا کے موقع پر، عالمی غیر متشدد تنظیم (فری مسلم – المسلم الحر) نے اسلامی ممالک کے سربراہان اور قائدین کو ایک پیغام ارسال کیا ہے، جس میں اسلام اور مسلمانوں کی شبیہ کو مسخ کرنے کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کی اپیل کی گئی ہے۔ تنظیم نے زور دیا کہ ایسے قوانین اور اصلاحاتی اقدامات کیے جائیں جو دین اسلام کی حقیقی تعلیمات، یعنی محبت، رواداری اور امن کے پیغام کو اجاگر کریں۔
یہ پیغام، جس کی نقل "شیعہ نیوز ایجنسی” کو موصول ہوئی، میں کہا گیا کہ اسلام ایک ایسا دین ہے جس کی مستند تعلیمات قرآن کریم، سنت نبوی اور اہل بیت علیہم السلام کی ہدایات میں موجود ہیں۔ اسلام کی اصل حقیقت یہ ہے کہ یہ دین تمام آسمانی مذاہب کی تکمیل کے لیے آیا ہے اور اس کا مقصد انسانیت کے درمیان امن اور محبت کا فروغ ہے، بلا کسی تفریق کے۔ تاہم، تاریخ میں بعض جرائم اور زیادتیوں کی وجہ سے بعض غیر مسلم اقوام اور معاشروں میں اسلام کے متعلق غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔
تنظیم نے اس بات پر زور دیا کہ جاہل اور شدت پسند عناصر کے اعمال نے اسلام کے خلاف غلط تاثر کو بڑھاوا دیا ہے، جس کے نتیجے میں اسلاموفوبیا (اسلام سے نفرت) کا رجحان پروان چڑھا۔ یہ ایک تشویشناک مسئلہ ہے، جس کا سدباب اسلامی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ اس کے لیے تعلیمی اور قانونی اقدامات کیے جانے چاہئیں تاکہ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جا سکے۔
عالمی ادارہ اقوامِ متحدہ نے بھی 15 مارچ کو عالمی یوم انسداد اسلاموفوبیا کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے، جو اس مسئلے کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے۔ اس کا مقصد بین المذاہب اور بین الثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر، فری مسلم آرگنائزیشن نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام درحقیقت ایک رحمت، رواداری اور ایثار کا دین ہے۔ اس کی تعلیمات نہ صرف تشدد سے اجتناب پر زور دیتی ہیں بلکہ بھائی چارے، امن اور بقائے باہمی کے اصولوں کی ترویج کرتی ہیں۔ تنظیم نے عالمی فورمز پر اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اجاگر کرنے اور تاریخی غلطیوں کے نتیجے میں اسلام پر لگنے والے بے بنیاد الزامات کو دور کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کی اپیل کی۔