
لکھنو۔ عمید جامعہ ناظمیہ، بزرگ عالم دین مولانا سید حمید الحسن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مشرق وسطی میں شام سے متعلق جو خبریں آ رہی ہیں بہت اذیت دینے والی ہیں۔ ہم تمام انصاف پسند افراد سے اپیل کرتے ہیں کہ جو کچھ وہاں ہو رہا ہے اس میں ظالموں کی مذمت کی جائے اور مظلوموں کی حمایت کی جائے۔
ماہ رمضان کے مبارک موقع پر تمام مسلمانوں کا فریضہ ہے کہ وہ اپنی دعا میں دنیا کے تمام مظلومین کو یاد رکھیں اور ظالموں کو ان کے انجام تک پہنچانے کی خداوند کریم سے دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ شام میں ہمارے مقدس مقامات ہیں جن کی حفاظت کی جائے۔ روضوں پر کسی بھی طرح کے نقصان سے عالم اسلام میں بے چینی پیدا ہو جائے گی اور وہاں کا ماحول مزید خراب ہو سکتا ہے۔ لہذا ذمہ دار اور امن پسند افراد اس پر توجہ دیں اور امن کو بحال کرنے کے لئے آمادہ ہوں۔