اسلامی دنیاخبریںشیعہ مرجعیت

اگر ڈاکٹر اجازت دے تو گردے کی بیماری اور ذیابیطس جیسی بیماریوں میں مبتلا افراد روزہ رکھ سکتے ہیں اور ضرورت کے مطابق پانی پی سکتے ہیں: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور شب ہفتم رمضان المبارک 1446 ہجری کو منعقد ہوا۔ جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے بعض مریضوں کے روزے کے حکم کے سلسلہ میں فرمایا: جن کو گردے کی بیماری اور ذیابیطس جیسی بیماریاں ہیں اور انہیں دوا لینے اور پانی باقاعدگی سے پینے کی ضرورت ہے، اگر ڈاکٹر انہیں رات کو دوا لینے کی اجازت دے تو وہ روزہ رکھ سکتے ہیں اور جتنا پانی ان کی ضرورت ہے پی سکتے ہیں۔ لیکن اگر ڈاکٹر کی رائے یہ ہو کہ دوائی دن میں ہی لینی چاہیئے تو وہ روزہ توڑ کر دوا کھا سکتا ہے اور اگر رمضان المبارک کے بعد روزہ رکھ سکتے ہیں تو قضا کریں وگرنہ فدیہ دیں۔ 

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے یہ بتاتے ہوئے کہ جو ماہ رمضان میں بیماری کے سبب روزہ نہیں رکھتا اس پر فدیہ نہیں ہے، فرمایا: البتہ چار لوگوں پر فدیہ واجب ہے اگر وہ روزہ نہ رکھیں۔ بوڑھا مرد اور بوڑھی عورتیں، جسے بہت زیادہ پیاس لگتی ہو، وہ عورت جس کے یہاں ولادت نزدیک ہو اور وہ عورت جو بچے کو دودھ پلاتی ہو کہ اگر وہ روزہ رکھے تو اس سے اس کو یا اس کے بچے کو نقصان پہنچے گا۔ لہذا یہ چار لوگ چاہیں تو روزہ نہ رکھیں لیکن انہیں فدیہ ادا کرنا ہوگا اور ان میں سے بعض طبقوں پر روزے کی قضا واجب ہے اور اگر وہ قضا نہ کریں تو دو فدیہ ادا کرنا ہوگا۔

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے اس شخص کے سلسلہ میں جسے بہت زیادہ پیاس لگتی ہے، فرمایا: ان لوگوں کے سلسلہ میں متعدد روایات بیان کی گئی ہیں جن میں فقہاء کے درمیان اختلاف ہے اور کتاب عروۃ الوثقی میں بھی اس جانب اشارہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ علمی جلسات آپ کے دفتر واقع ایران، قم مقدس، خیابان چہار مردان، کوچہ 6 میں  بعد نماز مغربین منعقد ہوتا ہے‌۔

آپ ان علمی جلسہ کو براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھ سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button