ایشیاءخبریںدنیاہندوستان

علم و بیداری ہماری اہم ذمہ داری: مولانا سید روح ظفر رضوی

ممبئی۔ خوجہ شیعہ اثناء عشری جامع مسجد پالا گلی میں 7 مارچ 2025 کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا روح ظفر رضوی صاحب قبلہ کی اقتدا میں ادا کی گئی۔

مولانا سید روح ظفر رضوی نے نمازیوں کو تقوی الہی کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: تقوی الہی ہماری اولین ذمہ داری ہے اور یقینا دنیا اور آخرت دونوں کی کامیابی اسی تقوی کے ذریعہ حاصل ہوتی ہے۔‌

مولانا سید روح ظفر رضوی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث شریف کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: یقینا اس دنیا میں ہم سب مسافر ہیں، سب سفر کر رہے ہیں، یہ دنیا کسی کا گھر نہیں ہے، سب سفر کی حالت میں ہیں۔ سب کسی نہ کسی منزل کی طرف جا رہے ہیں۔ قرآن اور حدیث کی روشنی میں جس منزل کو ہمیں اختیار کرنا ہے وہ آخرت ہے دنیا نہیں ہے۔

مولانا سید روح ظفر رضوی نے امیر المومنین امام علی علیہ السلام کی حدیث کی روشنی میں بعثت رسول کا مقصد بیان کرتے ہوئے فرمایا: قرآن کریم میں اللہ تبارک و تعالی نے 13 مقامات پر انسان کو غور و فکر کی دعوت دی ہے۔ لہذا انسان کو تفکر و تدبر کرنا چاہیے، صرف ماضی پر کف افسوس نہیں ملنا چاہیے بلکہ حال پر توجہ دینی چاہیے تاکہ مستقبل سنور سکے۔

مولانا سید روح ظفر رضوی نے ماہ مبارک رمضان کی برکتوں اور رحمتوں سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کی جانب توجہ دلاتے ہوئے فرمایا: انسان کی عمر کے دو خریدار ہیں ایک اللہ ہے دوسرے شیطان ہے۔ یہ مبارک مہینہ بہترین موقع ہے کہ انسان خداوند عالم کا ہو جائے اور اپنی ہستی کو اس کے حوالے کر دے اور اسی کے مطابق زندگی بسر کرے۔

مولانا سید روح ظفر رضوی نے جہاد کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا: ہر وہ کام جو اللہ کے لئے کیا جائے وہ جہاد ہے، روزی کمانا بھی جہاد ہے۔‌ قرآن کریم نے اعلان کیا کہ اپنے نفس اور اپنے مال سے راہ خدا میں جہاد کرو اس میں تمہارے لئے بہتری ہے اگر تم سمجھ سکو۔

مولانا سید روح ظفر رضوی نے امیر المومنین امام علی علیہ السلام کی حدیث شریف "دنیا اولیاء خدا کی تجارت گاہ ہے” کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: یہ ماہ مبارک رمضان بہترین موقع ہے کہ انسان اللہ کی اطاعت کر کے اللہ کا ولی اور دوست بن سکتا ہے۔

مولانا سید روح ظفر رضوی نے نمازیوں کو عبادت و بندگی کی تشویق کرتے ہوئے فرمایا: یہ ماہ مبارک رمضان بہترین موقع ہے کہ اس میں اللہ نے ایک آیت کی تلاوت کا ثواب پورے قران کریم کی تلاوت کا ثواب رکھا ہے، ایک عبادت پر ہزار عبادت کا ثواب ہے۔ یہ ثواب صرف آخرت میں نہیں بلکہ دنیا میں بھی نصیب ہوگا۔

مولانا سید روح ظفر رضوی نے دنیا میں ہو رہے ظلم و ستم اور مشکلات کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا: ان تمام مشکلات کا واحد حل علم اور بیداری ہے۔ لہذا ہمیں اس سلسلہ میں کوشش کرنی چاہیے۔ صرف بھوکوں کا پیٹ بھرنا ذمہ داری نہیں ہے بلکہ ان کے علم اور بیداری کے سلسلے میں بھی توجہ دینا ہماری ذمہ داری ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button