آسٹریلیاخبریںدنیا

آسٹریلیا: نئی مسجد کو "کرائسٹ چرچ دوم" کی دھمکی، 16 سالہ نوجوان گرفتار

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ایک نئی تعمیر شدہ مسجد کو آن لائن دھمکی دی گئی، جس میں کہا گیا: "کرائسٹ چرچ 2 کے لیے تیار رہیں”۔ یہ دھمکی 2019ء کے کرائسٹ چرچ حملے کی طرف واضح اشارہ تھا، جب ایک آسٹریلوی حملہ آور نے نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں 51 نمازیوں کو شہید کر دیا تھا۔ پولیس نے اس دھمکی کو دہشت گردی سے متعلق قرار دیتے ہوئے مغربی آسٹریلیا کے علاقے ایٹن سے 16 سالہ نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔

مقامی میڈیا ایس بی ایس نیوز کے مطابق، نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے پیر کو مسجد کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تبصرے میں یہ دھمکی دیے جانے کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا۔ بعد ازاں، مغربی آسٹریلیا کی پولیس نے تصدیق کی کہ گرفتار نوجوان تفتیش میں تعاون کر رہا ہے، جبکہ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ "معاشرے کو اب کوئی خطرہ لاحق نہیں۔"

یہ دھمکی ایسے وقت میں دی گئی جب آسٹریلین اسلامک ہاؤس نامی اس مسجد میں ہزاروں افراد نے نماز ادا کی تھی، جو رمضان المبارک سے قبل تعمیر کی گئی تھی۔ مسجد کے صدر مظہر حدید نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کو ترجیحی بنیادوں پر سنجیدگی سے لیں۔

آسٹریلین نیشنل امامز کونسل اور الائنس آف آسٹریلینز فار مسلمز نے مسلمانوں کی سلامتی کے بارے میں شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "نسل پرستی اور اسلامو فوبیا کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اور ذمہ دار کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔" نیو ساؤتھ ویلز کے سربراہ کرس منز نے بھی ایکس (ٹوئٹر) پر بیان دیا کہ ان کی حکومت اور پولیس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button