ماہ رمضان: تزکیہ نفس اور اصلاحِ معاشرہ کا مہینہ – علامہ ساجد نقوی

علامہ سید ساجد علی نقوی نے ماہ رمضان المبارك 1446ھ کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ مہینہ امت مسلمہ کے لیے عظیم سعادت اور برکتوں کا حامل ہے۔ انہوں نے قرآن کریم کی روشنی میں روزے کی فرضیت کا مقصد تقویٰ اور پرہیزگاری قرار دیا اور کہا کہ روزہ محض بھوکا پیاسا رہنے کا نام نہیں بلکہ یہ روحانی، فکری، اخلاقی اور جسمانی فوائد کا مجموعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کا پاکیزہ ماحول اخلاقیات میں مثبت تبدیلیاں لاتا ہے اور انسانی جسم کو بیماریوں سے بچاتا ہے۔ روزے کے ذریعے تطہیر نفس اور تزکیہ ذات کے بے شمار مواقع حاصل ہوتے ہیں، جو فرد کے کردار کی تعمیر میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اگر خلوص نیت کے ساتھ تزکیہ نفس کا عمل مکمل کر لیا جائے تو انسان معاشرتی اصلاح اور رہنمائی کا فریضہ انجام دے سکتا ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے قرآن کریم کی گہرائی سے تلاوت اور اس کے معانی پر غور و فکر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قرآن ہی اصلاح، تطہیر اور انقلاب کا راستہ دکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات فطرت کے عین مطابق ہیں اور اسلام کا عادلانہ نظام ہی دنیا کے مسائل کا حل فراہم کر سکتا ہے۔
انہوں نے امت مسلمہ کو امر بالمعروف، عبادات اور احکام خداوندی پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دی اور کہا کہ رمضان ہمیں ذاتی و اجتماعی اصلاح کا پیغام دیتا ہے۔ آخر میں، انہوں نے فلسطین، کشمیر اور دیگر مظلوموں کو یاد رکھنے اور یوم القدس پورے جوش و جذبے سے منانے کی اپیل کی۔