سحری میں کیا کھائیں؟ توانائی اور پانی کی کمی سے بچنے کے مفید مشورے

رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی روزہ داروں کی خوراک اور نیند کے معمولات تبدیل ہو جاتے ہیں، اور دن میں دو وقت کھانے کا سلسلہ رہتا ہے۔ ایسے میں سحری خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ یہی غذا دن بھر جسم کو توانائی فراہم کرنے کا ذریعہ بنتی ہے۔
اگرچہ اس سال رمضان میں شدید گرمی کی پیش گوئی نہیں، تاہم روزے کے دوران پانی کی کمی اور توانائی کی سطح برقرار رکھنا ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سحری کے لیے غذائی انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے۔
ہلکی اور غذائیت سے بھرپور خوراک
سحری میں ایسی غذا کھانی چاہیے جو صحت بخش ہو اور معدے پر بوجھ نہ ڈالے۔ چکن، دالیں، سبزیاں، انڈے اور روٹی بہترین انتخاب ہو سکتے ہیں۔
کھجور صرف افطار کے لیے نہیں
عام طور پر کھجور کو افطار کے لیے مخصوص سمجھا جاتا ہے، لیکن سحری میں بھی اس کا استعمال مفید ہے۔ کھجور میں قدرتی مٹھاس اور اہم معدنیات جیسے کاپر اور میگنیشیم موجود ہوتے ہیں جو توانائی بحال رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
دہی: تیزابیت سے تحفظ اور پانی کی کمی کا حل
دہی کا استعمال سحری میں ضرور کریں کیونکہ یہ ہاضمے کے لیے مفید ہونے کے ساتھ ساتھ معدے میں تیزابیت کے امکانات کو کم کرتا ہے۔ اس میں موجود پانی کی وافر مقدار جسم کو دن بھر ڈی ہائیڈریشن سے بچانے میں مدد دیتی ہے۔
سیب اور کیلا: فائبر اور وٹامنز کا خزانہ
یہ دونوں پھل سحری میں کھانے سے جسم کو فائبر، وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹس ملتے ہیں، جو توانائی کی سطح کو برقرار رکھتے ہیں اور جسم میں پانی کی کمی کا خطرہ کم کرتے ہیں۔
زیادہ پانی والی غذائیں
کھیرے، ٹماٹر اور تربوز جیسے پھل اور سبزیاں جسم میں پانی کی مقدار کو متوازن رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ ان کا استعمال دن بھر تازگی اور توانائی برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
نمکین اور میٹھی اشیاء سے پرہیز کریں
سحری میں بہت زیادہ نمک، مرچ اور چینی والی غذائیں نہ کھائیں کیونکہ یہ دن بھر پیاس میں اضافے کا سبب بنتی ہیں۔ خاص طور پر نمک زیادہ مقدار میں کھانے سے جسم میں پانی کی کمی کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
پانی پینے کی مقدار کا خیال رکھیں
سحری میں مناسب مقدار میں پانی پینا ضروری ہے تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔ پانی زیادہ یا کم مقدار میں پینے سے پرہیز کریں اور اعتدال کو برقرار رکھیں۔
سحری چھوڑنے کی غلطی نہ کریں
کچھ لوگ نیند کے باعث سحری چھوڑنے کا فیصلہ کر لیتے ہیں، جو دن بھر کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ بہتر یہی ہے کہ نیند کے معمولات کو اس طرح ترتیب دیا جائے کہ سحری سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔