پاكستان : ڈیرہ مراد جمالی میں دینی و تنظیمی مرکز کے قیام کا اعلان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے اعلان کیا ہے کہ ڈیرہ مراد جمالی میں دینی و تنظیمی مرکز قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی کے ہمراہ کربلائی امام بارگاہ مسجد حسینی کے دورے کے دوران کہی۔
اس موقع پر زیر تعمیر مسجد، امام بارگاہ اور مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی رابطہ دفتر کے قیام سے متعلق مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے رہنما سید عبدالقادر شاہ بخاری، ضلعی صدر سید بہار شاہ اور حاجی ہدایت اللہ گورشانی سمیت دیگر شخصیات شریک تھیں۔
حاجی ہدایت اللہ گورشانی نے 26 ہزار مربع فٹ زمین مسجد، امام بارگاہ اور دینی و فلاحی سرگرمیوں کے لیے وقف کی ہے۔ علامہ مقصود ڈومکی نے اس اقدام کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز نصیر آباد ڈویژن کے عوام کے لیے ایک اہم دینی و تعلیمی منصوبہ ہوگا۔
صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھی اس مقام کا جائزہ لیا تھا اور یہاں ایک اعلیٰ دینی، تنظیمی و تعلیمی مرکز بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔