پاکستان: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا الرٹ جاری

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24/7 مانیٹرنگ جاری ہے جبکہ ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ اداروں کو عملے اور مشینری سمیت تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ نشینی علاقوں میں پانی کی نکاسی کے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہنے اور کچے مکانات و بوسیدہ عمارتوں سے احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں برفباری اور بارشوں کے باعث نظام زندگی متاثر ہے۔ سوات، دیر اپر، چترال، شانگلہ، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان اور ایبٹ آباد میں شدید برفباری ہوئی ہے، جبکہ ہنزہ، اسکردو، غذر اور دیامر سمیت تقریباً تمام شمالی علاقے برف سے ڈھک چکے ہیں۔ مسلسل بارشوں سے پارہ مزید گر گیا ہے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم کئی مقامات پر بند ہو چکی ہے، جس سے مسافر مشکلات کا شکار ہیں۔