
نئی دہلی۔ 27 شعبان 1446 ہجری کو امام بارگاہ تنظیم حسینی واقع سیوک پارک دوارکہ موڑ میں استقبال ماہ صیام کے عنوان سے ائمہ جمعہ و جماعت کا ایک جلسہ منعقد ہوا۔ جس میں دہلی سمیت ہریانہ،اتراکھنڈ، پنجاب اور دیگر علاقوں سے علماء اور ائمہ جمعہ و جماعت نے شرکت کی۔
اس جلسہ میں حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد علی محسن تقوی امام جمعہ دہلی، مولانا تصدیق حسین واعظ امام جمعہ مسجد باب العلم، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا حیدر علی غازی امام جمعہ امامیہ ہال، مولانا سید سلمان حیدر، مولانا سید محمد حسین صاحب مدیر دفتر نمائندگی آیۃ اللہ العظمیٰ سیستانی دام ظلہ لکھنؤ وغیرہ نے تقاریر کی۔
اس جلسہ میں آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔

مولانا سید اشرف علی الغروی نے فرمایا: ماہ مبارک کی فضیلت کسی پر مخفی نہیں ہے جب ہم کوئی چھوٹا یا بڑا پروگرام کرتے ہیں تو اس کی شان وشوکت کے مطابق اس کی تیاری کرتے ہیں اور اس میں آنے والوں کا استقبال کرتے ہیں تو ماہ مبارک کہ جس کا استقبال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کیا ، آل رسول علیہم السلام نے کیا اور عاشقان رسول و آل رسول نے کیا تو ہمیں بھی اہتمام کرنا چاہیے تاکہ موسم بہار عبادت کا ایسا ماحول بنے کہ جو اس عبادت میں شریک نہ ہونا چاہے وہ وہ بھی شریک ہو اور شریک نہ ہونے کی صورت میں خود کی ملامت کرے اور شرمندہ ہو۔
مولانا سید اشرف علی الغروی نے مزید کہا: یقیناً اللہ تعالی نے دین انسان کی فطرت میں رکھا ہے، دین بشریت کی ضرورت کا نام ہے مگر کچھ مصنوعی طریقے سے جو نظریات اور آئین ایجاد ہوئے کہ جس کے سبب انسان حقیقی دین سے غافل اور راہ نجات سے دور ہو گیا ہے۔ لہذا مبلغین کی ذمہ داری ہے کہ خاص طور سے ماہ مبارک میں لوگوں کو اللہ، رسول اور ائمہ اطہار علیہم السلام سے قریب کریں۔ عقائد کو مستحکم کریں، حسن اخلاق کی پائیداری اور فقہ کی فضا ہموار کریں۔ نیز نوجوانوں کو عصری علوم میں اعلی تعلیم حاصل کرنے کی تشویق و ترغیب دلائیں۔