منظومہ شمسی کے سات سیارے ایک صف میں، نایاب فلکیاتی واقعہ

منظومہ شمسی کے سات سیارے – مریخ، مشتری، یورینس، زہرہ، نیپچون، عطارد اور زحل – ایک نسبتاً نایاب فلکیاتی مظاہرے کے دوران آسمان میں ایک قطار میں نظر آئیں گے۔
یہ منفرد واقعہ، جسے "‘سیاروں کی پریڈ ‘ ” کہا جاتا ہے، آئندہ 15 سال یعنی 2040 تک دوبارہ نہیں دہرایا جائے گا۔
ان سیاروں کو دیکھنے کا بہترین موقع غروب آفتاب کے بعد منگل، بدھ، جمعرات اور جمعہ کے روز ہوگا۔
چار سیارے – عطارد، زہرہ، مشتری اور مریخ – بغیر کسی دوربین کے انسانی آنکھ سے دیکھے جا سکتے ہیں۔ زحل کو دیکھنا نسبتاً مشکل ہوگا کیونکہ وہ آسمان میں افق کے قریب ہوگا۔ جبکہ یورینس اور نیپچون کو دیکھنے کے لیے تلسکوپ کی ضرورت ہوگی۔
جوں ہی سورج غروب ہوگا، زحل اور عطارد بھی جلد ہی افق سے غائب ہو جائیں گے، لہٰذا انہیں دیکھنے کے لیے چند منٹ کا وقت ہوگا۔ اس کے بعد زہرہ، مشتری اور مریخ کافی دیر تک آسمان میں نظر آتے رہیں گے۔
منظومہ شمسی کے تمام سیارے سورج کے گرد اپنے مدار میں گردش کرتے ہیں، اور ان سب کی حرکت تقریباً ایک ہی مداری سطح پر ہوتی ہے، جس کی وجہ سے وقتاً فوقتاً ایسے فلکیاتی مظاہرے دیکھنے کو ملتے ہیں۔