خبریںہندوستان

ہندوستان ؛لکھنو؛ ادارہ مقصد حسینی کے زیر اہتمام علمی کانفرنس

ادارہ مقصد حسینی کے زیر اہتمام علمی کانفرنس میں مولانا سید کلب جواد نقوی کا خطاب

لکھنو۔‌ ادارہ مقصد حسینی کے زیر اہتمام 24 فروری بروز پیر ایک علمی کانفرنس بعنوان "زمانہ غیبت میں ہماری ذمہ داریاں” زیر صدارت امام جمعہ لکھنو مولانا سید کلب جواد نقوی کشمیری محلہ واقع ایم ایچ ہال میں منعقد ہوئی۔ جس کا آغاز قاری جون علی نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔ اس موقع پر مولانا سید تسنیم مہدی، مولانا محمد میاں عابدی، مولانا ثقلین نقوی، مولانا محمد علی نقوی، مولانا فیروز علی بنارسی، مولانا عرشی حسین، مولانا اعجاز مہدی، مولانا گوہر عباس، مولانا ارشد رضا موسوی اور مولانا رضا عباس وغیرہ نے شرکت کرتے ہوئے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہا کہ نظروں سے اوجھل خلیفہ خدا اور حجت حق جس دین کا رہنما اور ہادی ہے سب سے پہلے اس دین کی معرفت اور پہچان ضروری ہے۔ اس لئے دینی عقائد و احکام اور فرائض سے آگاہ ہوا جائے کیونکہ فرائض سے آگاہی ہی انسان کو اپنے ایمان کی راہ کی جانب گامزن کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کس کا انتظار کر رہے ہیں؟ اس سوال کا جواب ہمیں اچھی طرح معلوم ہونا چاہیے۔ یعنی جس ہستی کا انتظار ہو رہا ہے اسے پہچانیں اور اس کے اوصاف و کمالات اور اس کی شخصیت کی شناخت و معرفت حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ کسی کی شناخت اور معرفت کے بغیر اس کی حقیقی محبت کو دل میں پیدا کرنا ناممکن ہے۔

مولانا سید کلب جواد نقوی نے مزید کہا کہ قرآن کریم اور اہل بیت علیہم السلام کے فرامین اور ہدایات کے مطابق زندگی گزاری جائے۔ کیونکہ انتظار اس ہستی کا کیا جا رہا ہے جو مستقبل قریب میں دین الہی کو دنیا میں عام کرے گا اور اس میں دینی احکام کو نافذ کرے گا۔ اس سنہرے دور کے لئے اگر ہم تیار ہونا چاہتے ہیں تو اس کے لئے دین کی تعلیم کردہ ہدایات کے مطابق زندگی گزارنا لازمی ہے۔

اس لئے ضروری ہے کہ قوم ایک دیندار، پرہیزگار، سیاسی سوجھ بوجھ کے حامل اور دشمن کی شناخت رکھنے والے بابصیرت قائد کا انتخاب کرے۔ جن اقوام کے یہاں واحد قیادت کا تصور نہ پایا جاتا ہو وہ کبھی کامیابی و کامرانی اور سعادت کا منھ نہیں دیکھ سکتی۔ کانفرنس کے آخر میں ادارہ مقصد حسینی کے سربراہ اور عالم نگر مسجد کے امام جمعہ و شیعہ سنٹرل وق بورڈ کے رکن مولانا سید رضا حسین رضوی نے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شاذ رضوی، احسن مرزا، مولانا حاشر زیدی اور ڈاکٹر حیدر مہدی کے علاوہ پورا عملہ موجود رہا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button