پاكستان ؛ قومی اسمبلی میں انجینئر حمید حسین کا پاراچنار میں بدامنی کے خلاف مسلسل احتجاج

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر اور رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین نے قومی اسمبلی میں پاراچنار میں جاری بدامنی، عوامی راستوں کی بندش، غذائی قلت اور حکومتی رٹ کے فقدان پر مسلسل احتجاج جاری رکھا ہے۔ انہوں نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی ناکامی پر شدید تنقید کی اور پاراچنار کے عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
اجلاس کے دوران، انجینئر حمید حسین نے یاد دلایا کہ چار ماہ گزرنے کے باوجود قاتلوں کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی اور پاراچنار جانے والے عوامی راستے بدستور بند ہیں، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 15 کے مطابق شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت بنیادی حق ہے اور راستوں کی بندش آئینی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تکفیری دہشتگردوں نے ضلع کرم میں حکومتی رٹ کو چیلنج کر رکھا ہے اور حکومتی و سیکیورٹی ادارے انہیں قابو کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ گزشتہ روز سیکیورٹی حصار میں موجود امدادی قافلے پر حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کلیئرنس آپریشن کے دعوے غلط ثابت ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے فیصلہ کن آپریشن کرکے دہشتگردوں کی کمین گاہیں تباہ کریں اور علاقے میں مکمل امن و امان بحال کیا جائے۔