بحرین نے 700 پاکستانی شیعوں کو ملک بدر کر دیا

بحرینی ویب سائٹ "مرآة البحرین” نے لکھا ہے کہ "بحرین میں شہریت دینے کی پالیسی کے جائزے سے نئے شواہد معلوم ہوئے ہیں کہ حکومت نے ان افراد کو ملک سے نکال دیا ہے جنہیں ماضی میں شہریت دی گئی تھی”۔
رپورٹ کے مطابق بحرینی حکومت نے اپنی طاقت کو مضبوط کرنے اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی غرض سے گزشتہ سالوں میں بڑے پیمانے پر غیر ملکیوں کو شہریت دی تھی۔ لیکن اب اس پالیسی میں ایسے افراد کو ترجیحی بنیاد پر شہریت سے محروم کیا گیا جن کا مذہبی تعلق شیعہ مسلک سے تھا۔
اس معاملے میں پاکستانیوں کو بحرینی شہریت دینے کا ذکر سامنے آیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بحرینی حکومت نے 700 پاکستانیوں کو جنہیں پہلے شہریت دی گئی تھی، ملک سے نکال دیا ہے۔ اس کی وجہ ان کا شیعہ مسلک سے تعلق ہے، جو حکومت کے آبادیاتی منصوبوں سے ہم آہنگ نہیں۔
یہ پاکستانی، جن کی بحرینی شہریت حال ہی میں منسوخ کی گئی، سیکیورٹی اداروں میں ملازمت کے دوران حکومتی مذہبی جانچ پڑتال سے گزر کر شہریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ عام طور پر بحرینی حکومت شہریت دینے سے پہلے نام اور رہائش جیسے عوامل کا جائزہ لیتی ہے لیکن یہ افراد کسی طرح ان جانچ کے مراحل سے گزر گئے تھے۔