![](https://shiawaves.com/urdu/wp-content/uploads/sites/5/2024/12/ahmad-ali-abidi-1-1024x848.png)
ممبئی: خوجہ شیعہ اثناء عشری جامع مسجد پالا گلی میں 15 شعبان المعظم 1446 ہجری، 14 فروری 2025 کو یوم ولادت باسعادت امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی مناسبت سے نماز جمعہ ادا کی گئی، جس کی امامت حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید احمد علی عابدی نے کی۔
مولانا سید احمد علی عابدی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طویل عرصے کے بعد یہ سعادت نصیب ہوئی ہے کہ 15 شعبان کا دن جمعہ کے روز آیا ہے۔ انہوں نے اس دن کو اسلام کی سربلندی اور کفر کے زوال کا دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس مبارک دن میں ہمیں وہ عظیم امام عطا فرمایا جو دنیا اور آخرت میں بے مثال ہیں۔ یہی امام وہ ہستی ہیں جو تمام انبیاء کے وعدوں کو پورا کریں گے، ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، ظلم و ستم کا خاتمہ کریں گے اور دنیا میں عدل و انصاف کو عام کریں گے۔
مولانا عابدی نے امام زمانہ علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ، ائمہ اطہار علیہم السلام، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، مراجع کرام، علماء دین اور تمام منتظرین امام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ ہمیں امام وقت کی صحیح معرفت عطا کرے اور ہمیں ان کے حقیقی منتظرین میں شامل کرے۔
انہوں نے امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی منفرد حیثیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تاریخ ہدایت میں حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر امام حسن عسکری علیہ السلام تک کسی بھی ہستی کو یہ ذمہ داری نہیں دی گئی جو امام مہدی علیہ السلام کو دی گئی ہے، یعنی دنیا کو عدل و انصاف سے بھر دینا۔ امام علیہ السلام مشرق سے مغرب اور شمال سے جنوب تک ہر جگہ عدل و انصاف قائم کریں گے اور ظلم کا مکمل خاتمہ ہوگا۔
مولانا عابدی نے ظہور کے بعد کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ جب امام علیہ السلام ظہور فرمائیں گے تو زمین میں پانی کی سطح بلند ہو جائے گی، زمین اپنے خزانوں کو ظاہر کرے گی، درخت پھلدار ہو جائیں گے، بیماریاں ختم ہو جائیں گی اور دنیا میں ہر طرف خوشحالی ہوگی۔ کیونکہ موجودہ پریشانیاں اور مشکلات انسانوں کے گناہوں اور ظلم کی وجہ سے ہیں، لیکن جب گناہ اور ظلم ختم ہو جائیں گے اور امام کی حکومت قائم ہو جائے گی تو دنیا میں حقیقی عدل و انصاف کا نظام نافذ ہوگا اور تمام موجودات اپنی برکات کو ظاہر کریں گے۔