اسلامی دنیاافغانستانخبریں

کابل: وزارتِ ہاؤسنگ میں دھماکہ، ایک شخص ہلاک

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزارتِ شہری ترقی اور ہاؤسنگ میں خودکش دھماکے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔

یہ افغانستان میں رواں ہفتے ہونے والا دوسرا خودکش دھماکہ ہے۔ دو روز قبل قندوز میں ایک بینک کے باہر خود کش حملہ ہوا تھا۔

جمعرات کو ہونے والے دھماکے سے متعلق افغان طالبان کا کہنا ہے کہ یہ خود کش حملہ تھا جس میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق وزارتِ داخلہ کے ترجمان عبد المتین قانی کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور وزارت کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا جب ایک اہلکار نے اس کو نشانہ بنایا جس سے خودکش حملہ آور تو ہلاک ہو گیا البتہ اس کے جسم پر موجود بارودی مواد سے دھماکہ ہو۔

عبد المتین کا مزید کہنا تھا کہ دھماکے کے سبب وہاں موجود ایک شہری ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔

اے ایف پی’ کے مطابق کابل اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دھماکے کے بعد اسپتال میں چھ سے سات زخمیوں کو علاج کے لیے لایا گیا ہے۔

اس خودکش حملے کی فوری طور پر کسی گروہ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

واضح رہے کہ منگل کو بھی صوبہ قندوز کے مرکزی شہر قندوز میں ایک بینک کے باہر خودکش حملہ ہوا تھا جس میں پانچ افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے تھے۔ قندوز میں لوگوں کی بڑی تعداد تنخواہ لینے کے لیے قطار بنائے بینک کے باہر کھڑی تھی کہ اس دوران دھماکہ ہوا۔

اس دھماکے کی ذمہ داری شدت پسند گروہ داعش نے قبول کی تھی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button