
14 شعبان معظم کو دن میں مومنین نے اپنے مرحومین کی قبروں پر حاضر ہو کر ایصال ثواب کیا۔
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں مزار شہید رابع رحمۃ اللہ علیہ پر مرکزی جشن ولادت منعقد ہوا جس میں ذکر فضائل کے علاوہ شعراء نے بارگاہ امام میں مظلوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اسی طرح درگاہ شاہ مرداں پر ہزاروں کی تعداد میں مومنین نے حاضری دے کر جشن منایا۔ اس کے علاوہ دہلی اور اطراف میں مومنین نے گھروں میں چراغاں کیا، نذر کی اور محفل منعقد کی۔
ممبئی میں خوجہ شیعہ اثناء عشری جامع مسجد پالا گلی میں نماز مغربین حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید روح ظفر رضوی کی اقتدا میں ادا کی گئی، بعدہ مولانا موصوف نے محفل فضائل سے خطاب کیا۔ اسی طرح ممبئی و اطراف ممبئی کے امام بارگاہوں اور مساجد میں جشن ولادت منعقد ہوا، نیز مومنین کے گھروں پر نذر کا اہتمام ہوا۔
ہندوستان کے تاریخی شہر حیدرآباد دکن میں بھی شب ولادت امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف نذر و نیاز، جشن و محافل کا سلسلہ دیر رات تک مساجد، عاشور خانوں اور مومنین کے گھروں پر جاری رہا۔

لکھنو میں غار والی کربلا (شبیہ سامرا) کو سجایا گیا اور وہاں کثیر تعداد میں مومنین و مومنات نے حاضر ہو کر زیارت کی اور جشن منعقد کیا۔ اسی طرح دریا والی مسجد پر بھی جشن منعقد ہوا، مہدی گھاٹ پر بجرا (کشتی) پر نذر ہوئی اور محفل منعقد ہوئی۔ اسی طرح مہدی کنواں کالا امام باڑہ پر نذر ہوئی، مولانا سید علی ہاشم عابدی امام جماعت مسجد کالا امام باڑہ نے نذر دی اور محفل کو خطاب کیا۔
اسی طرح جونپور، کانپور، چنئی، پونہ، سلطان پور سمیت پورے ملک میں مومنین نے شب ولادت امام زمانہ علیہ السلام جوش و خروش کے ساتھ جشن منعقد کیا۔