اسلامی دنیاپاکستانخبریں

کراچی: شادی کی تقریب میں فائرنگ، دو سالہ بچی جاں بحق

کراچی کے علاقے لیاری موسیٰ لین میں شادی کی تقریب کے دوران ہونے والی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ڈھائی سالہ بچی حیا فاطمہ جاں بحق ہوگئی۔ پولیس کے مطابق بچی علی آرکیڈ کی ساتویں منزل پر رہائش پذیر تھی اور حادثے کے وقت آٹھویں منزل کی چھت پر دیگر بچوں کے ساتھ کھیل رہی تھی کہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی اس کے سر میں لگی، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ علاقے میں کوئی شادی یا تقریب نہیں ہو رہی تھی، تاہم بعد ازاں تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ فائرنگ شادی کی تقریب میں ہوئی تھی۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد دلہا کو گرفتار کر لیا اور بتایا کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث دیگر افراد کی بھی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

جاں بحق ہونے والی بچی کی نماز جنازہ کوثر مسجد میں ادا کی گئی، جس میں اہلِ خانہ، رشتہ داروں، اہلِ علاقہ اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ بعد ازاں بچی کو کھارادر میرا ماں قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

تحقیقات اور قانونی کارروائی
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سٹی کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ انہوں نے علاقے میں سرچ آپریشن اور ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ ڈی آئی جی کے مطابق فارنزک شواہد کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button