ایشیاءخبریںدنیا

فلپائن میں امریکی فوجی طیارہ گر کر تباہ، ایک اہلکار اور تین کنٹریکٹرز ہلاک

فلپائن میں امریکی فوج کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک امریکی فوجی اہلکار اور تین ڈیفنس کنٹریکٹرز ہلاک ہوگئے۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی فوج نے تصدیق کی کہ طیارہ انٹیلی جینس اور سرویلینس سپورٹ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

فلپائن کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ صوبہ میگوئینڈیناؤ ڈیل سر میں پیش آیا۔ مقامی سیفٹی افسر امری جیہاد ٹم ایمبولوڈٹو نے بتایا کہ تمام چار لاشیں جائے وقوعہ سے نکال لی گئی ہیں اور ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق طیارہ زمین پر گرنے سے قبل دھماکے کی آواز سنی گئی، اور شہریوں نے اس سے دھواں نکلتے بھی دیکھا۔ حادثہ ایک فارم ہاؤس کے قریب پیش آیا، تاہم کسی مقامی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

حکام نے طیارے کی نوعیت اور حادثے کی ممکنہ وجوہات پر تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ جائے وقوع کو فوجی اہلکاروں نے گھیرے میں لے لیا ہے، اور تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی فوج فلپائن کے جنوبی علاقوں میں دہائیوں سے موجود ہے، جہاں وہ مقامی فورسز کو تربیت اور سیکیورٹی آپریشنز میں معاونت فراہم کر رہی ہے۔ جنوبی فلپائن کا یہ خطہ مسلم اکثریتی علاقہ ہے، جہاں حکومت عسکریت پسندی کے خلاف کارروائیاں کرتی ہے اور اس میں امریکی فوج بھی شامل ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button