حوزہ علمیہ نجف اشرف کے سینکڑوں اساتذہ اور طلاب نے شہر مقدس قم میں آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی دام ظلہ سے ملاقات کی
بدھ 6 شعبان المعظم سن 1446 ہجری کو حوزہ علمیہ نجف اشرف کے سینکڑوں اساتذہ اور طلاب نے شہر مقدس قم میں مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ سے ملاقات کی۔
بیت مرجعیت کے مہمان دفتر مرجعیت سے وابستہ "النجف الاشرف سنٹر فار اسٹریٹجک اسٹڈیز کے دینی امور کے یونٹ کی کوششوں سے ایران کے تبلیغی سفر کے دوران یہاں حاضر ہوئے اور مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے بیانات سے مستفید ہوئے۔
اس ملاقات میں مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ نے اپنی تقریر کا آغاز قرآن کریم اور احادیث میں موجود "ایہا الناس” اور "معاشر الناس” الفاظ پر تاکید کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ان الفاظ کا مطلب تمام انسان مخاطب ہیں نہ کہ صرف مسلمان یا مومن۔
اس کے بعد فرمایا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ نے خطبہ غدیر میں اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے مسجد النبوی مدینہ منورہ میں خطبہ فدک میں مکرر ان الفاظ کا استعمال کیا جس سے واضح ہوتا ہے کہ ان کا مقصد ان الہی پیغامات کو تمام انسانوں تک پہنچانا تھا۔
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ نے فرمایا: اگرچہ قرآن کریم کے نزول اور اہل بیت علیہم السلام کی احادیث کو 1400 سال سے زیادہ گذر گئے ہیں لیکن آج تک قرآن و اہل بیت علیہم السلام کی ثقافت عالمی نہیں ہوئی اور تمام انسانوں تک نہیں پہنچی ہے۔ لہذا یہ ایک شرعی وظیفہ ہے کہ یہ دونوں ثقافتیں تمام انسانوں تک پہنچے۔ اگر ایسا ہو جائے تو بہت سے لوگ حقیقت کو قبول کر لیں گے۔