امام حسین میڈیا گروپ، امام حسین علیہ السلام کی مبارک ولادت کے موقع پر اپنی 16 ویں سالگرہ منا رہا ہے
امام حسین میڈیا گروپ نے گزشتہ 16 سال سے شیعہ کمیونٹی کی خدمت میں اپنی خدمات پیش کی ہیں، اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو عام کیا ہے اور حسینی عزاداری و شعائر کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ میڈیا گروپ امام حسین علیہ السّلام کی ولادت باسعادت کے موقعہ پر اپنی 16ویں سالگرہ منا رہا ہے ۔
مزید تفصیلات درج ذیل رپورٹ میں:
امام حسین میڈیا گروپ، جو شیعہ میڈیا میں ایک نمایاں حیثیت رکھتا ہے، امام حسین علیہ السلام کی مبارک ولادت کے موقع پر اپنی 16 ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ یہ سنگ میل اس میڈیا گروپ کی قابل ذکر خدمات اور شیعہ تعلیمات کے عالمی سطح پر فروغ میں اس کے کردار کو نمایاں کرتا ہے۔
2008 (شعبان 1430 ہجری قمری) میں آیت اللہ العظمیٰ شیرازی کی ہدایات کے تحت قائم ہونے والے اس میڈیا گروپ نے ایک ایسے وقت میں شیعہ میڈیا میں قدم رکھا جب شیعہ نشریاتی ادارے شدید پابندیوں، محدود مالی وسائل اور تکنیکی ترقی کی مشکلات سے دوچار تھے۔ زیادہ تر شیعہ میڈیا ادارے مقامی یا علاقائی سطح پر کام کر رہے تھے اور بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے تھے۔ ان کی زیادہ تر توجہ مذہبی تقاریب پر مرکوز تھی، جبکہ شیعہ برادری کو درپیش سماجی و سیاسی مسائل پر کم ہی بات کی جاتی تھی۔ مزید یہ کہ، مختلف حکومتوں کی طرف سے شیعہ میڈیا پر پابندیاں عائد کی جاتی تھیں، جس کے باعث شیعہ مسلمانوں کی آواز اکثر دبائی جاتی تھی۔
امام حسین میڈیا گروپ کے قیام نے ایک انقلابی تبدیلی پیدا کی، جس نے شیعہ میڈیا کو مشرقِ وسطیٰ سے آگے بڑھا کر عالمی سطح پر پہنچایا، خاص طور پر یورپ، امریکہ اور ایشیا میں۔ یہ میڈیا گروپ کثیرالسانی پروگرامنگ متعارف کروا کر شیعہ تعلیمات کو فارسی، عربی، انگریزی، اردو اور ترکی سمیت متعدد زبانوں میں نشر کرنے لگا۔ اس وقت یہ گروپ 6 چینلز چلا رہا ہے، جن میں سے ایک مقدس مزارات سے براہ راست نشریات کے لیے مخصوص ہے۔ اس حکمت عملی نے ایک وسیع تر ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کیا اور شیعہ عقائد و اعمال کو زیادہ بہتر طریقے سے دنیا کے سامنے پیش کرنے میں مدد فراہم کی۔
آج، امام حسین میڈیا گروپ کا صدر دفتر کربلا میں واقع ہے، جبکہ لندن، استنبول، بغداد اور نجف میں بھی اس کے دفاتر موجود ہیں۔ یہ گروپ مختلف چینلز کے ذریعے متنوع مواد نشر کرتا ہے، جس میں خطبات، دستاویزی فلمیں، تاریخی سیریز، اور تعلیمی مباحثے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، مقدس مقامات سے براہ راست مناظر نشر کیے جاتے ہیں، جو ناظرین کو ان کی روحانی وابستگی کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں۔
یہ میڈیا گروپ یاح سیٹ، نائل سیٹ، اور ترک سیٹ سیٹلائٹ کے ذریعے اپنی نشریات پیش کر رہا ہے، جبکہ روکو ٹی وی، جادو ٹی وی، ایمیزون فائر، اسمارٹ ٹی وی، ایپل ٹی وی، اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز پر بھی اس کی نشریات دستیاب ہیں۔
امام حسین میڈیا گروپ نے خاص طور پر اربعین کے موقع پر اپنی نشریاتی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھی ہے، جو ہر سال لاکھوں شیعہ اور دیگر مذاہب کے پیروکاروں کو امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے چالیسویں روز عراق میں اکٹھا کرتا ہے۔ یہ گروپ اربعین کے اس عظیم اجتماع کو براہ راست نشر کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرتا ہے، تاکہ ناظرین کو اس عظیم سفر کے روحانی اور سماجی پہلوؤں سے روشناس کروایا جا سکے۔ یہ نشریات نہ صرف زائرین کے جذبۂ عقیدت اور ایثار کو اجاگر کرتی ہیں، بلکہ لاکھوں رضاکاروں کی مہمان نوازی اور خدمت کو بھی نمایاں کرتی ہیں جو زائرین کے لیے مختلف سہولیات فراہم کرتے ہیں۔
اربعین جیسے اہم مواقع کے ساتھ ساتھ، امام حسین میڈیا گروپ نے دنیا بھر میں شیعہ برادری کے متعلقہ اہم خبروں کو نشر کرنے کو بھی اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ اس میڈیا گروپ کے نیوز ایجنسی، شیعہ ویوز (Shia Waves) نے ہمیشہ مستند اور اہم خبروں کو منتخب کرکے ناظرین تک پہنچانے کی کوشش کی ہے تاکہ انہیں تازہ ترین عالمی حالات سے باخبر رکھا جا سکے۔
اس کے علاوہ، امام حسین میڈیا گروپ شیعہ اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈے اور غلط بیانیوں کا مؤثر طریقے سے جواب دے کر شیعہ برادری کی اصل تصویر دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے۔ یہ میڈیا گروپ شیعہ برادری کو درپیش ناانصافیوں اور مظالم کو بھی اجاگر کر کے عالمی رائے عامہ کو ان مسائل کی طرف متوجہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
مستقبل کے اہداف: امام حسین میڈیا گروپ مستقبل میں اپنی ٹیکنالوجیکل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے کام کر رہا ہے، تاکہ نوجوان نسل کو جدید مواصلاتی ذرائع کے ذریعے زیادہ مؤثر انداز میں اپنی طرف متوجہ کر سکے۔ اس کا ارادہ مزید زبانوں میں مواد تیار کر کے اپنی عالمی رسائی کو وسعت دینے کا ہے۔
نئی ٹیکنالوجیز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال کر کے، امام حسین میڈیا گروپ ایک مضبوط شیعہ شناخت برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ، جدید ابلاغی تقاضوں کے مطابق اپنے طریقۂ کار کو مزید ترقی دینے کا خواہاں ہے۔
یہ میڈیا گروپ شیعہ تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے، اسلامی روایات کو محفوظ رکھنے، اور دنیا کے سامنے اہل بیت علیہم السلام کے حقیقی پیغام کو پہنچانے کے اپنے مشن کو مزید تقویت دینے کے لیے پرعزم ہے۔