امریکی ریاست الاسکا کے فوجی اڈے پر لڑاکا طیارے کو خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے ۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے الاسکا ملٹری بیس پر F-35 جیٹ طیارہ قلابازیاں کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا اور اس میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔حادثے کا شکار ہونے والے لڑاکا طیارے نے معمول کی تربیتی مشق کے لیے پرواز بھری تھی جس میں ایک پائلٹ موجود تھا۔
امریکی فوج کے 354 ویں فائٹر ونگ کے کمانڈر کرنل پال ٹاؤن سینڈ نے بتایا کہ پائلٹ کو اڑان بھرنے کے بعد ہی طیارے میں فنی خرابی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔امریکی فضائیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
یاد رہے کہ جدید ترین امریکی فوجی طیارے ایف-35 میں مسلسل 12 گھنٹے سے زیادہ پرواز کرنے کی صلاحیت ہے اور وہ شمالی نصف کرہ میں تقریباً کہیں بھی پہنچ سکتا ہے۔
رواں برس مئی میں ایک اور F-35 لڑاکا طیارہ ٹیکساس سے لاس اینجلس کے قریب ایڈورڈز ایئر فورس کے اڈے جاتے ہوئے اس وقت گر کر تباہ ہو گیا جب پائلٹ نیو میکسیکو میں ایندھن بھرنے کے لیے رکا تھا۔
اسی طرح اکتوبر 2023 میں بھی ایف-35 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا۔