لکھنو۔ 20 رجب الاصب کو دیرینہ روایت کے تحت سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کی کمسن بیٹی حضرت سکینہ سلام اللہ علیہا جنہیں عرب اور ایران میں جناب رقیہ کہتے ہیں، کا یوم ولادت باسعادت منایا گیا۔
اسی سلسلہ میں لکھنو کی تاریخی درگاہ حضرت عباس علیہ السلام میں جشن جناب سکینہ منعقد ہوا۔ جس میں اولاً مولانا مرزا جعفر عباس نے محفل فضائل سے خطاب کیا۔ بعدہ شعراء نے بارگاہ شہزادی سکینہ سلام اللہ علیہا میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
اسی طرح لکھنو کے قدیمی حسینیہ آغا باقر میں بعنوان "جشن تسکین شاہ” محفل مسرت منعقد ہوئی۔ جس میں اولا مولانا میثم زیدی نے محفل فضائل سے خطاب کیا بعدہ شعراء نے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
اطلاعات کے مطابق اسی طرح دیگر مساجد، امام بارگاہوں اور مومنین کے گھروں میں محافل مسرت منعقد ہوئیں اور نذر کا اہتمام ہوا۔
مسجد کالا امام باڑہ پیر بخارہ میں بعد نماز ظہرین مولانا سید علی ہاشم عابدی امام جماعت مسجد کالا امام باڑہ نے نمازیوں کو خطاب کرتے ہوئے حضرت سکینہ سلام اللہ علیہا کے فضائل اور انکی پاکیزہ زندگی کے چند اہم نکات کی جانب اشارہ کیا۔ بعدہ نذر کا اہتمام ہوا ۔