واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے 47ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا، جبکہ جے ڈی وانس نے نائب صدر کے طور پر ذمہ داری سنبھالی۔ حلف برداری کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ "امریکہ کا سنہری دور شروع ہو چکا ہے، اور اب دنیا کا کوئی ملک ہمیں استعمال نہیں کر سکے گا۔”
ٹرمپ نے اپنی تقریر میں خودمختاری، سرحدی سیکیورٹی، اور دراندازی کے خاتمے پر زور دیا۔ انہوں نے امریکہ کو دوبارہ عظیم بنانے کا نعرہ دہرایا اور کہا کہ امریکیوں کے لیے آزادی کا دن ہے۔
واشنگٹن ڈی سی میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے، 25,000 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے اور 30 میل طویل حفاظتی باڑ لگائی گئی۔
ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے پہلے دن 100 ایگزیکٹو آرڈرز جاری کرنے کا عزم ظاہر کیا، جن میں امیگریشن قوانین سخت کرنا، غیر قانونی افراد کی ملک بدری، اور میکسیکو و کینیڈا سے درآمدات پر ٹیرف بڑھانا شامل ہیں۔